• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پولیس کلنگزکے زیر التواء کیسزکے حل کے لئے کمیٹی کا قیام

Oct 4, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) پولیس ٹارگٹ کلنگز، کلنگز میں ملوث ملزمان اگر بیرون ملک فرار ہیں توان کی گرفتاری کے لئے وفاقی محکمہ داخلہ سے رابطہ کیا جائے اور اس سلسلے میں باقاعدہ مکتوب بھی ارسال کیا جائے۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ ہدایات آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام نے پولیس کلنگز کے حوالے سے سینٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران دیں۔ انہوں نے سال 2011-12 کی پولیس کلنگز کے کرائم برانچ سے سی ٹی ڈی کو منتقل کئے جانے والے تمام مقدمات کے سلسلے میں دریافت کرتے ہوئے ہدایات دیں کہ مذکورہ دورانیے میں پولیس ٹارگٹ کلنگز، کلنگز اور روڈ ایکسیڈنٹ میں جاں بحق پولیس افسران کے کیسزکی تفتیش کی پیش رفت رپورٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیاجائے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ بتایا جائے کہ پولیس کلنگزکے کتنے کیسز پینڈنگ میں ہیں اور کیوں ہیں۔ علاوہ ازیں ایسے واقعات پر حل کئے گئے کیسز، گرفتار ملزمان کی تعداد اور سزائیں پانے والے ملزمان کی تفصیلات بھی مزید ضروری اقدامات کے لئے ارسال کی جائیں۔ آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ پولیس کلنگزکیسزمیں عدم گرفتار ملزمان، ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو فوری طور پر اشتہاری ملزمان کی فہرست میں ڈالا جائے اورقبل ازیں جملہ ضروری محکمانہ و قانونی امور پر عمل داری کو بھی یقینی بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے اس موقع پر سال 2011-12 کے دوران پولیس کلنگز کے حوالے سے زیرالتواء تمام مقدمات کے حل کے لئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عبداللہ شیخ کی سربراہی میں ضلعی ایس پی انویسٹی گیشن، ایس پی انویسٹی گیشن سی ٹی ڈی اور کرائم/ انویسٹی گیشن برانچ کے نمائندہ آفیسر پرمشتمل کمیٹی کے باقاعدہ قیام کا اعلان کرتے ہوئے ہدایات دیں کہ زیر التواء کیسز کی تحقیق، تفتیش، چھان بین جیسے امور کو ازسر نو دیکھا جائے اور بعد ازاں انتہائی ٹھوس اور مربوط کیس چالان کی بدولت ملوث ملزمان کے لئے مثالی سزاؤں کے عمل کو یقینی بناتے ہوئے ایسے تمام کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ آئی جی سندھ نے اجلاس میں شریک ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ کو ہدایات دیں کہ چیک کیا جائے کہ آیا تمام شہدائے پولیس کے ورثاء کو محکمہ کی جانب سے مروجہ مراعات اور سہولیات کی فراہمی کے ساتھ پولیس میں ملازمت بھی دی گئی ہیں یا ابھی کچھ باقی ہیں، اگر کچھ باقی ہیں تو ان کے بھی جملہ ضروری قانونی دستاویزی امور کوجلد سے جلد مکمل کرکے فوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ڈی آئی جیزہیڈکوارٹرز سندھ، سی ٹی ڈی، انویسٹی گیشن، آپریشنز، اے آئی جیزلیگل، ویلفیئر کے علاوہ سی ٹی ڈی کے افسران نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے اجلاس کو پولیس کلنگزکے مقدمات اور اس حوالے سے جملہ ضروری اقدامات سے اجلاس کو تفصیلی آگاہی فراہم کی۔