بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے) آر پی او بہاولپور شیر اکبر(ستارہ شجاعت) نے ڈیراور کا دورہ کیا، ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے استقبال کیا اور چولستان جیپ ریلی 2022 کے انتظامات بارے بریفنگ دی۔تفصیل کے مطابق آر پی او شیر اکبر نے ڈیراور کا دورہ کیا، ڈی پی او محمد فیصل کامران اور ڈی سی بہاولپور عرفان علی کاٹھیا نے ‘دل وش’ اسٹیڈیم پہنچنے پر استقبال کیا، جہاں ڈائریکٹر TDCP نے ریلی کی ترتیب پر بریفنگ دی۔ وہاں سے بالمقابل قلعہ ڈیراور نئے تعمیر شدہ TDCP ایگزیکٹو ریزورٹ پہنچے جہاں پر محکمہ ہائی ویز، بلڈنگز، سی ڈی اے، ٹریفک پولیس، انہار، جنگلات اور واپڈا نے اس پروگرام میں اپنی کاوشوں اور ذمہ داریوں بارے آگاہ کیا۔ ڈی پی او اور ڈی ٹی او نے ریلی کے ایام میں مفصل سیکورٹی اور ٹریفک پر بریف کیا۔بعد ازاں آر پی او شیر اکبر (ستارہ شجاعت) نے ڈی پی او فیصل کامران کے ہمراہ قلعہ ڈیراور کا تفصیلی وزٹ کیا، جس کے بعد شاہی قبرستان عباسیہ پر فاتحہ خوانی کی، اختتام دورہ پر قلعہ سے ملحقہ روضہ و قبور مبارکہ اصحاب رسولﷺ پر حاضری دی، فاتحہ پڑھی اور خطہ میں امن و امان کے لیے خصوصی دعا کی۔