• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر شعبہ سپیشل ایجوکیشن اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام مرکزی آڈیٹوریم بغدادالجدید کیمپس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

Dec 3, 2021

بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر شعبہ سپیشل ایجوکیشن اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیر اہتمام مرکزی آڈیٹوریم بغدادالجدید کیمپس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بہاولپور کے زیر انتظام چلنے والے سکولوں کے بچوں نے خوبصورت پرفارمنسز پیش کیں۔ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کا کہنا تھا کہ آج کا دن اس بات کے عزم کا دن ہے کہ ہم ملک میں مختلف معذرو ی کے شکار بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے بہتر سے بہترین کاوشیں کریں گے ۔ خصوصی بچے ہمارے معاشرے کا انتہائی اہم حصہ ہیں۔ معذور افراد بہت ساری جگہوں پر نارمل لوگوں کے مقابلے میں بہت اچھی پرفارمنس دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا شعبہ سپیشل ایجوکیشن ڈیڑھ سال قبل فعال کیا گیا ہے جس کا مقصد یہاں سے ایسے اساتذہ تیار کرنا ہے جو سکول اور کالجز کی سطح پر معذوری کا شکار طلباء کو جدید خطوط پر تعلیم سے آراستہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب پنجاب حکومت کے شعبہ سپیشل ایجوکیشن اور سکول ایجوکیشن بہاولپور کے ساتھ مل کر منعقد کی گئی ہے۔ معذور افراد کے لیے مختلف اداروں کا ملکرچلنا انتہائی خوش آئند ہے ۔ یہ اچھا ہے کہ آج مختلف سٹیک ہولڈرز یہاں جمع ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور معذور طلباء کو فراہم کی جانے والی خصوصی سہولیات کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں مزید اضافہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معذور افراد ہمارے لیے موٹیویشن کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے تقریب میںپرفارم اور شرکت کرنے والے تمام طلباء کو شاباش دی اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر اختر علی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں خصوصی افراد کی تعلیم کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اس حوالے سے کئی ہم اقدامات کر رہی ہے۔ ہم نے ان معذور بچوں کا حوصلہ بننا ہے۔ معاشرے میں انہیں وہ عزت و مقام دینا ہے جو نارمل لوگوں کو دیتے ہیں۔ یہ بھی ہماری طرح نارمل انسان ہیں بس کسی ایک نعمت سے محروم رہ گئے ہیں۔ چیئرپرسن ڈیپارٹمنٹ آف سپیشل ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر نسرین اختر کا کہنا تھا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورسپیشل ایجوکیشن پر فوکس کر رہی ہے۔ آج تقریب میں ہمارے ساتھ مختلف تعلیمی اداروں کے بچے شریک ہیں۔ سٹیج پر خصوصی بچوں نے اپنی صلاحتیوں کو منوایا ہے ۔ ان بچوں کی پرفارمنس دیکھ کر کوئی بھی یہ نہیں کہہ سکتا کہ انہیں کسی معذروی کا سامنا ہے۔ تقریب میں سی ای او ایجوکیشن بہاولپور ظہور احمد چوہان ، ڈسٹرکٹ افیسر سپیشل ایجوکیشن ، سپیشل ایجوکیشن اداروں کے اساتذہ اور معذور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے ایونٹ کے آرگنائززمیں شیلڈ زتقیسم کیں۔