بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرزدی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاول پور کے زیراہتمام یونیورسٹی میں معذور افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔وائس چانسلر دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم معذور طالبات تقریب میں بطور مہمان اعزاز شریک ہوئیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت اور تندرستی اللہ تعالی کی بڑی نعمتوں میں شامل ہیں اور زندگی کی مشکلات کاصحیح اندازہ جسمانی معذوری کا شکارافراد کو ہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد نے دنیا کے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا اور اپنی صلاحیتوں سے یہ ثابت کر دیا کہ اگر ان کے ساتھ تعاون کیا جائے تو خصوصی افراد عام لوگوں کی طرح اپنی زندگی گزار سکتے ہیں۔وائس چانسلر نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد صرف اور صرف یہ ہے کہ ہم رنگ، نسل اور ذات سے بالاتر ہو کر یہ عہد کریں کہ خصوصی افراد کی بحالی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ فوکل پرسن کمیٹی برائے خصوصی افراد مس سحرش وزیر نے بتایاکہ دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی میں خصوصی طالبات کووائس چانسلر کی ہدایات پر ہر طرح کی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔اس موقع پرممبر کمیٹی برائے خصوصی افراد و شعبہ فائن آرٹس و لیکچرر دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی مس ثمرین ساجد نے بطور خصوصی افراد کے اپنی کامیابیوں کو یونیورسٹی طالبات کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ معذوری کے باوجود وہ آج اس مقام پر ہیں کہ دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی میں بطور معلمہ اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں اوراپنے والدین کا فخر ثابت ہوئیں۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ مس ثوبیہ خورشید اور ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ بہاولپور سے مس عمارہ حمیدنے بھی تقریب سے خطاب کیا اوریونیورسٹی طالبات کو خصوصی افراد بارے اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف نے تقریب میں شریک معذور طالبات میں تحائف بھی تقسیم کئے۔ تقریب میں ڈائریکٹوریٹ اسٹوڈنٹس افیئرزسے مس فاطمہ مظہر، ایسوسی ایٹ پروفیسر ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ مس ثوبیہ خورشید، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ بہاولپور سے مس عمارہ حمید، سیکرٹری برائے خصوصی افراد کمیٹی مس مہوش منیراور مختلف شعبہ جات کی سربراہان سمیت یونیورسٹی اساتذہ اورطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔