• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

رہائشی پلاٹوں پر تجارتی سرگرمیاں الاٹمنٹ کی بنیادی شرائط کی خلاف ورزی ہے۔ ڈاکٹر بدر جمیل

Oct 5, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر بدر جمیل نے کہا ہے کہ رہائشی پلاٹوں پر تجارتی سرگرمیاں خصوصاً کمرشل ادارے، ہوٹلز، اسکولز، ٹیوشن سینٹر اور بیوٹی پارلر چلانا الاٹمنٹ کی بنیادی شرائط کی خلاف ورزی ہے۔ کے ڈی اے جلد ہی اس سلسلے میں لائحہ عمل تیار کرکے ایسے تمام پلاٹوں کے مالکان سے جرمانہ وصول کرے گا۔ اس طرح جمع ہونے والی رقم مختلف اسکیموں میں ضروری ترقیاتی کاموں پر خرچ کی جائے گی۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے ڈی اے لیبر یونین کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف کے ہمراہ سپر ہائی پر واقع اسفالٹ پلانٹ اور صفورہ گوٹھ کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے اسفالٹ پلانٹ میں موجود مشینریز اور آلات کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ خستہ حال مشینری و آلات کی نشاندہی کرکے تحریری رپورٹ پیش کی جائے تاکہ جلد ازجلد مشینری و آلات کو درست حالت میں لاکر قابل استعمال لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر فعال انجینئرز، افسران و دیگر عملہ کو کے ڈی اے میں بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈی جی کے ڈی اے ڈاکٹر بدر جمیل نے کہا کہ کے ڈی اے میں محنتی اور تجربہ کار انجینئرز اور دیگر عملہ موجود ہے اور ادارہ کیلئے یہ فخر کی بات ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے کراچی میں شروع کئے گئے میگا پروجیکٹس میں کام کرنے والا اکثریتی عملہ کے ڈی اے سے تعلق رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ کراچی کے میگا پروجیکٹس کے تحت کچھ اسکیمیں مکمل طور پر کے ڈی اے کے حوالے کی جائیں اور موجودہ پروجیکٹس پر کام کرنے والے عملہ کے سروس چارجز کی وصولی کو بھی یقینی بنایا جائے۔کے ڈی اے کے زیرکنٹرول تمام اہم شاہراہیں جن میں نارتھ کراچی، سرجانی ٹائون، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال اور دیگر روڈز، پارکس نرسریز اور ان کے سائٹ آفسز، کے ڈی اے فلیٹس نارتھ ناظم آباد اور کے ڈی اے اسکیم ون کی تمام تر تفصیلات فراہم کرنے کے ساتھ لائنز ایریا پارکنگ پلازہ، شہاب الدین مارکیٹ، سہراب گوٹھ ورکشاپ، سوک سینٹر کورنگی کی اسکیموں میں خالی فلیٹس کی بھی رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام اثاثہ جات کی تفصیلی رپورٹس فوری طور پر جمع کرائی جائیں تاکہ آئندہ اجلاس میں اثاثوں کا تعین کرنے والی کمیٹی کو آگاہ کیا جاسکے۔ ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ ورئیل اندھر، ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ خرم عارف، ترجمان ادارہ ترقیات اکرم ستار و دیگر افسران موجود تھے۔