بہاول پور کے چڑیا گھر کا پرانا نام شیر باغ ہے۔نام کی مناسبت سے یہاں پاکستان کے چڑیا گھروں میں سے سب سے زیادہ شیروں کی قسمیں اور تعداد یہاں پر زیادہ تھی۔نواب سر صادق محمد خان پنجم کے اس خوبصورت اور وسیع و عریض شیر باغ کو عالمی سطح پر جانا جاتا تھا۔ہاتھی زرافہ ٹائیگر گینڈے اور دیگر نایاب و قیمتی جانور یہاں کی خوبصورتی اور عوام کی دلچسپی کا سبب تھے۔لیکن پچھلے دوعشروں سے اس قدیمی شیر باغ کی حالت زار پر پریشانی ہے۔ قیام پاکستان سے قبل بننے والے شیر باغ جسے چڑیا گھر کا نام دیا گیا ہے اپنی تاریخی حیثیت اور سستی تفریح گاہ کی وجہ سے مشہور ہے۔کچھ عرصہ سے نااہل اور کرپٹ افسران کی وجہ سے یہاں جانوروں کی ہلاکت معمول بن گئی ہے۔شیر باغ کے ریچھ کی موت اور پوسٹ مارٹم رپورٹ نے چڑیا گھر کی انتطامیہ کا پول کھول دیا ہے۔اور اب شیر کی بیماری اور پنجوں کے انفیکشن کے ناقابل علاج ہونے نے شدید تشویش لاحق کردی ہے۔کچھ عرصہ قبل zoo lover society زو لور سوسائٹی کا قیام بھی عمل میں آیا تھا لیکن اس کے کرتا دھرتا بھی چڑیا گھر کی۔انتظامیہ کے رنگ میں رنگ گئے چڑیا گھر کی حالت زار بہتر ہونے کی بجائے روز بروز ابتر ہی ہورہی ہے۔مقامی صحافی اس سلسلے میں صرف بریکنگ نیوز چلانے تک ہی محدود ہیں۔ وائلڈ لائف ایک بڑا محکمہ ہے جس کے لیے چڑیا گھروں کا۔کنٹرول اور نظام سنبھالنے کا تجربہ ناکام ثابت ہوا ہے۔جب سے چڑیاگھر وائلڈ لائف کے زیر انتظام ہوئے ہیں اس سارے عرصے میں جانور کم خوراکی، مناسب دیکھ بھال کے نا ہونے اور وٹرنری ڈاکٹر کی عدم دستیابی، کرپشن کی وجہ سے بیمار ہو کر مر رہے ہیں ۔اگر شیر باغ کو وائلڈ لائف کی سرپرستی سے نکال کر خودمختار کمیٹی قائم کی جائے جو کمشنر بہاول پور کو رپورٹ کرے تو اس قومی اثاثے کو۔بچایا جاسکتا ہے۔خطے کے قدیمی چڑیا گھر کے نااہل اور بدعنوان افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔چڑیا گھر کی بنیادی ضروریات کے لیے فنڈز جاری کئے جائیں۔جانوروں کی خوراک اور ادویات فراہم کرنے والے پرانے ٹھیکیداروں کو فارغ کرکے ایماندار اور جدید ٹیکنالوجی رکھنے والے افراد یا فرموں کو سپلائی کے ٹھیکے دئیے جائیں ۔ماہانہ بنیادوں پر چڑیا گھروں کے جانوروں، پرندوں کا طبی معائنہ کیاجائے۔مردہ اور لاغر گوشت فراہم کرنے والے ٹھیکداروں اور افسران کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں ۔تاکہ عوام کی سستی تفریح کے قدیمی شیر باغ کا وقار بحال کیا جاسکے۔۔
راجہ۔شفقت محمود
آواز وسیب
بہاول پور
بہاول پور کا شیر باغ
