• Sat. Apr 20th, 2024

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، پشاور میں 26 اکتوبر سے منعقد نیشنل گیمزکی مشعل کے سفرکا شیڈول جاری

Oct 6, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے پشاور میں 26 اکتوبر تا یکم نومبر کومنعقد ہونے والے 33 ویں نیشنل گیمزکی مشعل (Torch Relay) کے سفر کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ اس ضمن میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کے چیئرمین سےّد محمد عابد قادری ہوں گے، اسفندیار خٹک ڈپٹی چیئرمین، ذوالفقار علی بٹ کوآرڈینیٹر، آصف عظیم میڈیا کوآرڈینیٹر جبکہ 17 ممبران بھی کمیٹی کا حصّہ ہوں گے۔ قومی گیمز کی مشعل کے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کوکراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار سے ہوگا، اس سلسلے میں تقریب صبح 10 بجے منعقد کی جائے گی جس میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹنٹ جنرل (ر) سےّد عارف حسن، اولمپئینز، انٹرنیشنل ایتھلیٹس، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین شرکت کریں گے۔ اسی سلسلے کی دوسری تقریب 6 اکتوبر ہی کی شام 4 بجے سی ویو کلفٹن مین منعقد کی جائے گی جہاں نیشنل گیمز کی مشعل سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نمائندوں کودی جائے گی۔ مشعل اپنے اگلے سفرمیں 7 اکتوبرکوکوئٹہ لائی جائے گی جہاں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اولمپئینز، انٹرنیشنل ایتھلیٹس اور اسٹوڈنٹس مشعل کو ائرپورٹ سے براستہ چمن پھاٹک سے ایوب اسٹیدیم میں لائیں گے جہاں دن ساڑے 11 بجے تقریب منعقد کی جائے گی جس میں بلوچستان کے وزیر کھیل، صوبائی سیکریٹری اسپورٹس، بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر، ڈی جی اسپورٹس بلوچستان و دیگرعمائدین شرکت کریں گے۔ 8 اکتوبر کو مشعل لاہور پہنچے گی جہاں اسے پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے حوالے کیا جائے گا۔ 9 اکتوبر کو لاہور کالج بر ائے خواتین میں دن 11 بجے تقریب منعقد کی جائے گی۔ اسی دن مشعل کو مسجد وزیرخان، دہلی گیٹ حضوری باغ اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار لایا جائے گا۔ اس موقع پر پنجاب کے صوبائی وزیر برائے کھیل مہمان خصوصی ہوں گے۔ 10 اکتوبر کو شام ساڑے 7 بجے پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل اجلاس میں مشعل پی او اے کے صدر لیفٹنٹ جنرل (ر) سےّدعارف حسن اور میڈیا کے نمائندے کے سامنے پیش کرے گی۔ 11 اکتوبر کو پی او اے کے آفیشل مشعل کو دن 11 بجے واپڈا ہائوس لے کرجائیں گے۔ شام کو واپڈا اسپورٹس کمپلیکس میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ 12 اکتوبر کو صبح 9 بجے مشعل ریلوے اسٹیشن لاہور لائی جائے گی جہاں سے مشعل کو ریلوے ہیڈ کوارٹر لایا جائے گا۔ ریلوے کے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔ 14 اکتوبر کو مشعل اسلام آباد لائی جائے گی جبکہ اس سلسلے میں 15 اکتوبر کو جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں ہونے والی تقریب کی مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ محترمہ فہمیدہ مرزا ہوں گی جس کے بعد مشعل شکرپڑیاں، فیصل مسجد اور دامن کوہ لائی جائے گی۔ 16 اکتوبر کو مشعل کا سفر مظفرآباد سے شروع ہوگا جہاںآزاد جموں وکشمیر کے صوبائی وزیر کھیل اسے وصول کریں گے۔ 17 اکتوبر کو مشعل گلگت بلتستان آئے گی جہاں صوبائی وزیر برائے کھیل وصول کریں گے۔ 18 اکتوبر کو گلگت بلتستان کے بلند ترین سیاحتی مقام بابوسرٹاپ (Babusar Top) صبح ساڑے 10 بجے خصوصی تقریب کاانعقاد کیا جائے گا۔ 19 اکتوبر کو مشعل کو خیبرپختونخواہ اولمپک ایسوسی ایشن کے حوالے کیا جائے گا۔ وہاں سے نیشنل گیمز کی مشعل براستہ ناران، ایبٹ آباد، کندبنگلہ، نوشہرہ، بالا حصار فورٹ،گورنرہائوس، پی اے ایف اسپورٹس کمپلیکس، اسلامیہ کالج، جمورد اسپورٹس کمپلیکس، خیبر رائفلز ہیڈ کواٹر سے پشاور لایا جائے گا۔ 21 اکتوبر کو مشعل باب خیبر لائی جائے گی جبکہ 26 اکتوبر کو مشعل کو قیوم اسٹیڈیم پشاور لایا جائے گا۔