کراچی(غلام مصطفے عزیز) آئی جی سندھ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ میں ڈسٹرکٹ کورنگی نے ڈسٹرکٹ ملیرکو1-4 گول سے شکست دیدی، ایس پی لانڈھی توصیف احمد مہمان خصوصی تھے۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیراہتمام سندھ پولیس سپورٹس بورڈ کے تعاون سے منعقد ہونے والی آئی جی سندھ انٹرڈسٹرکٹ ہاکی لیگ کے دوسرے روز ڈسٹرکٹ کورنگی اور ڈسٹرکٹ ملیر کے مابین میچ کھیلا گیا جو کہ ڈسٹرکٹ کورنگی نے ایک کے مقابلہ میں 4 گول سے جیت لیا۔ کھیل کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا، دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کے لئے مخالف فریق کی گول پوسٹ پر کئی حملے کئے۔ ڈسٹرکٹ ملیر کی جانب سے ارسلان نے کھیل کے 13 ویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر گول سکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جبکہ ڈسٹرکٹ کورنگی کی جانب سے جوابی طور پر وسیم نے شاندار چار گول سکور کئے اور اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا۔ ڈسٹرکٹ کورنگی کے کھلاڑی وسیم اسلم چار شاندار گول کرکے مین آف دی میچ قرار پائے۔ میچ کے مہمان خصوصی ایس پی لانڈھی توصیف احمد کا اسٹیڈیم آمد پرلیجنڈ اولمپیئن حنیف خان، سیکرٹری کے ایچ اے حیدر حسین، گلفراز احمد خان، سینئر سپورٹس آرگنائزر نسیم حسین سمیت کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے استقبال کیا۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز سے معزز مہمان کا تعارف بھی کرایا گیا۔ اس موقع پر معزز مہمان خصوصی نے وسیم اسلم کو مین آف دی میچ کیش ایوارڈ بھی دیا۔ میچ کو ایمپائرز اشعر اورقربان علی نے سپروائز کیا۔