بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے)ڈائریکٹر پاکستان بیت المال جنوبی پنجاب حاجی عبدالمنان نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن صحت،تعلیم اور خدمت کے میدان میں گراں خدمات سر انجام دے رہی ہے الخدمت فاؤنڈیشن نے زلزلہ سیلاب اور کورونا وباء کے دوران قوم کی بے لوث خدمت کی،یتیم بچوں کی کفالت،آغوش ہومز،پینے کے صاف پانی سمیت دیگر شعبوں میں بلا تخصیص خدمت کررہی ہے،قومیں ڈیزاسٹرز سے نہیں اخلاقی پستی سے تباہ ہوتی ہیں وہ کرافٹ بازار میں الخدمت فاؤنڈیشن بہاولپورکی جانب سے مسیحی برادری میں ونٹر پیکج تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہرمشکل گھڑی میں الخدمت نے لیڈنگ رول ادا کیا کورونا وباء کے دوران جہاں ہرشخص اپنے گھر تک محدود ہو گیا لیکن الخدمت کے رضاکاروں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر عوام کی بے لو ث خدمت کی۔تقریب سے چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف سوشل ورک اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ڈاکٹر آصف نوید رانجھانے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کار عوام کی خدمت اللہ کی رضا اور اس کی خوشنودی کے لیے کریں شعوری طور پر اسلام کا سمجھنے اور اپنی زندگی کو اس کے مطابق ڈھانے کی کوشش کریں۔سرپرست الخدمت فاؤنڈیشن بہاول پور سید ذیشان اختر نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ایشیا کی بڑی این جی اوز میں تیسرے نمبر پر جو عالمی معیار کے مطابق عوام کی خدمت میں پیش پیش ہے،الخدمت فاؤنڈیشن کا پاکستان میں رضاکاروں کا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے جن کی بدولت بروقت کسی بھی ہنگامی صورت حال میں عوام کے پاس پہنچ کر ان کی خدمت کرتے ہیں الخدمت کے ذمہ داران بہترین منصوبہ بندی کے ذریعے کام کریں کسی بھی مستحق کو تنہا نہیں چھوڑنا پاکستان میں کوئی بھی یتیم بچہ محض غربت کی وجہ سے تعلیم حاصل نہ کرسکے ہمیں ان بچوں تک پہنچ کر انہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہے اہل خیر آگے بڑھیں اور ملک کو روشن،باہمت اور پڑھے لکھا معاشرہ بنانے میں ہمارے ساتھ شامل ہو جائیں۔الخدمت فاؤنڈیشن کے تمام ذمہ داران اور رضا کراس کو اللہ کی رضا سمجھ کر کریں انسانوں کی خدمت انسانیت کی معراج ہے۔تقریب سے صدر الخدمت چوہدری احسان اللہ،جنرل سیکرٹری سید مقصود الحسن بخاری، عبداللہ کلیار، فرخ شیرنے بھی خطاب کیا۔تقریب کے آخر میں 100 سے زائد مرد و خواتین میں ونٹر پیکج تقسیم کیا گیا۔