• Fri. Jul 4th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام کرسمس کی آمد کی خوشی میں کمپنی کے مسیحی سینیٹری سٹاف کے ہمراہ کیک کاٹنے کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا

Dec 24, 2021

بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام کرسمس کی آمد کی خوشی میں کمپنی کے مسیحی سینیٹری سٹاف کے ہمراہ کیک کاٹنے کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر،چیف فنانشل آفیسر عمران اشرف،کمپنی افسران، مسیحی سینیٹری سپروائزرز،کمپنی ورکرز تنظیم کے عہدیداران اور سینیٹری ورکرز بھی تقریب میں شریک تھے۔تقریب میں کرسمس کیک کاٹا گیا اور ملکی ترقی و خوشحالی،امن اور سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اخترنے کمپنی مسیحی سٹاف کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بحیثیت پاکستانی ہمیں اپنی مسیحی برادری پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مسیحی برادری نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور ان کی خدمات کو کسی طور پر فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی ورکرز نے جس محنت اور لگن سے بہاول پور کو پاکستان کا سب سے صاف ستھرے شہرکا اعزاز دلوانے میں اپنی توانائیاں صرف کی ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ سی ای او کمپنی نے اس موقع پر بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق کر سمس کی آمد کے پیش نظر کمپنی نے 300 سے زائد مسیحی سینیٹری سٹاف کی ماہ دسمبر کی پیشگی تنخواہ جاری کر دی ہے تاکہ ورکرز اپنی مذہبی رسومات بہترین طریقے سے منا سکیں۔علاوہ ازیں کرسمس پرشہر بھر کے تمام گرجا گھروں اور ان کے ملحقہ راستوں پر صفائی ستھرائی اور چونا لگانے کے خصوصی انتظامات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے جو تعطیلات کے اختتام تک جاری رہیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کرسمس کے سلسلے میں تمام مسیحی سٹاف تعطیلات پر رہے گا۔