• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

انڈر 19 ایشیا کپ، پاک بھارت ٹاکرے کا نتیجہ سامنے آگیا

Dec 26, 2021

دبئی (نمائندہ خصوصی) انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے بھارت کو دو وکٹوں سے شکست دیدی۔

پاکستان نے میچ آخری اوور کی آخری گیند پر اپنے نام کیا۔پاکستان کی جانب سے مڈل آرڈر بلے باز محمد شہزاد سب سے نمایاں بلے باز رہے انہوں نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔دیگر بلے بازوں میں عرفان خان 33 اور رضوان محمود نے 29رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے راج باوا چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے نمایاں باؤلر رہے۔پاکستان کی جیت میں بلے باز احمد خان نے اہم کردار ادا کیا ،انہوں نے 19 گیندوں پر 29 رنز بناکر جیت کی راہ ہموار کی۔

بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 238 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ پاکستان انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بھارت کو بیٹنگ کی دعو ت دی جس پر بھارت 49 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے جس میں آرادھیا یادیو نصف سیچنری کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ ان کے علاوہ اوپننگ پر آنے والے ہرنور سنگھ 46 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر رہے ۔بھارت کی کی جانب سے انگکرش رگھوونشی اور ہرنور سنگھ نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن اوپننگ پر آنے والے انگکرش بغیر کوئی سکور بنائے ذیشان ضمیر کی گیند پر حسیب اللہ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے ۔ان کے بعد آنے والے شائک رشید 6 رنز اور یش دھل صفر پر پولین لوٹ گئے ۔ نشانت سندھو 8 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔راج وردھن 33،کوشل تامبے 32بنا پائے۔

پاکستان کی جانب سے ذیشان ضمیر نے 10 اوورز میں 60 رنز دیتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پولین پہنچایا جبکہ اویس علی 2 ، قاسم اکرم اور معاذ صداقت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ اس سے قبل دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت مدمقابل ہیں، قومی انڈر-19 کرکٹ ٹیم کے کپتان قاسم اکرم نے بھارت کے خلاف ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

کپتان قاسم اکرم کا کہنا تھا کہ روایتی حریف کو جلد آؤٹ کرکے میچ جیتنے کی کوشش کرینگے۔پاکستان انڈر 19 سکواڈ میں کپتان قاسم اکرم، معاذ احمد صداقت، عبدالواحد، محمد شہزاد، حسیب اللہ، محمد عرفان خان، رضوان محمود سید، احمد خان، علی اسفند، سید ذیشان ضمیر اور اویس علی شامل ہیں۔ بھارت انڈر 19 اسکواڈمیں کپتان یش دھول، ہرنور پنوں، انگکرش رگھوونشی، شیخ رشید، نشانت سندھو، راجانگاد باوا، آرادھیا یادو، کوشل تمبے، راج وردھن ہنگرگیکر، وکی اوستوال اور روی کمار پلئینگ الیون کا حصہ ہیں۔