بیونس آئرس (ویب ڈیسک) ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر آنجہانی ڈیاگو میراڈونا کے بھائی ہیوگو میراڈونا 52 سال کی عمر میں چل بسے۔
غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق میراڈونا کے چھوٹے بھائی اور ارجنٹائن کے سابق فٹ بالر ہیوگو کا انتقال اٹلی کے شہر نیپلز میں ہوا۔اٹلی کے فٹ بال کلب نیپولی نے ایک بیان میں ان خبروں کی تصدیق کی ہے جن میں سابق فٹ بالر ہیوگو کے انتقال کی اطلاع دی گئی تھی۔ کلب نے ہیوگو کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق ہیوگو میراڈونا نے ارجنٹائن کی یوتھ فٹبال ٹیم میں مڈفیلڈر کی حیثیت سے بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کی، وہ اٹلی، جاپان، آسٹریا اور سپین میں کلب فٹ بال بھی کھیلتے رہے اور آخر میں اٹلی میں مستقل رہائش پذیر ہوگئے جہاں انہوں نے متعدد کلبز میں کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں۔ ہیوگو نے 1987 میں نیپولی کلب میں شمولیت اختیار کی جہاں ان کے بڑے بھائی ڈیاگو میراڈونا پہلے سے موجود تھے، بعد ازاں ڈیاگو کی دوسرے کلب میں شمولیت کے بعد دونوں بھائی کلب میچ میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے بھی آئے۔
خیال رہےکہ 60 سالہ ڈیاگو میراڈونا گذشتہ سال 25 نومبر کو ارجنٹائن میں انتقال کرگئے تھے۔
ڈیاگو کی موت کے بعد میراڈونا فیملی کو ایک اور صدمہ، ہیوگو میراڈونا بھی چل بسے
