• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ایچ بی ایل پی ایس ایل برانڈ پارٹنرشپ رائٹس میں زبردست اضافہ

Jan 3, 2022

کراچی۔3جنوری (غلام مصطفے عزیز) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے لیے ایک اور سنگ میل، ٹرانس گروپ انٹرنیشنل نے عوامی ٹینڈر کے عمل کے تحت برانڈ پارٹنرشپ کے حقوق کے لیے 2022 سے 2025 تک چار سالہ مدت کے لیے سب سے زیادہ بولی جمع کرائی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے پیر کو یہاں جاری کردہ تفصیلات کے مطابق برانڈ پارٹنرشپ کے حقوق کو دو کیٹیگریز بشمول سات قسم کے حقوق اور ایک امپائر اسپانسرشپ کے حقوق میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ایک انتہائی مسابقتی بولی کے عمل میں ٹرانس گروپ انٹرنیشنل نے کٹیگری کے حقوق اور امپائر اسپانسرشپ کے حقوق کے لیے اپنی بولیاں آخری سودوں سے 219 اور 168 فیصد کے زبردست اضافے سے جمع کرائیں۔ اس موقع پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور بولی کمیٹی کے سربراہ سلمان نصیر نے کہا کہ ٹرانس گروپ انٹرنیشنل اپنے آغاز سے ہی ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا حامی رہا ہے اور میں برانڈ کے لیے ان کی بے پناہ حمایت جاری رکھنے کے لیے شکر گزار ہوں، برانڈ پارٹنرشپ کے حقوق میں اس قدر نمایاں اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا برانڈ کتنا بڑا ہو گیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ پاکستانی کرکٹ شائقین آئندہ ایچ بی ایل پی ایس ایل سے خوب لطف اندوز ہوں گے۔ ٹرانس گروپ انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر رائو عمر ہاشم خان نے کہا کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ یقینا پاکستان کا سب سے بڑا برانڈ ہے اور یہ تمام پاکستانیوں کو اکٹھا کرتا ہے، ہمیں ایک بار پھر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ دنیا کی سب سے کامیاب اور دلچسپ کرکٹ لیگ میں شراکت داری پر فخر ہے، پاکستان کرکٹ کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت کی کوئی حد نہیں ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے اے آر وائی اور پی ٹی وی کے ایک کنسورشیم نے پاکستان میں ٹی وی نشریاتی حقوق کے لیے بولی 50 فیصد کے اضافے سے جمع کرائی تھی جبکہ دراز نے ملک میں لائیو سٹریمنگ کے لیے بولی آخری ڈیل سے 175 فیصد اضافے سے جمع کرائی۔ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز 27 جنوری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا جب دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز 2020 ایڈیشن کی فاتح کراچی کنگز سے کھیلے گی۔ ایونٹ کا اختتام 27 فروری کو لاہور میں فائنل کے ساتھ قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا، جو پاکستان میں کرکٹ کا گھر ہے۔