کراچی۔29جنوری (غلام مصطفے عزیز):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے لیے خریدیے گئے بارہ سال سے کم عمر بچوں کے ٹکٹوں کو ری فنڈ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پی سی بی سے ہفتہ کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 10جنوری کے این سی او سی کے فیصلے کے مطابق صرف 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہے۔ اس فیصلے کی روشنی میں بارہ سال سے کم عمر بچوں کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے کراچی میں کھیلے جانے والے پہلے مرحلے کے لیے اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی ،قبل ازیں 100 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی جس کی بنیاد پر پی سی بی نے 11 جنوری کو تمام عمر کے افراد کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کیا تھا۔ پی سی بی کی ری فنڈ پالیسی کے تحت بارہ سال سے کم عمر بچوں کے لئے خریدے گئے ٹکٹ مکمل ری فنڈ کیے جائیں گے، ٹکٹوں کی ری فنڈ کی اس سہولت سے اتوار 30جنوری کی رات بارہ بجے تک فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔