سرگودھا (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب کی عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑی ہے ، اب اس کٹھ پتلی کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی، اب وقت کے ظالم وزیر اعظم سے مقابلہ کرنے میدان میں نکلے ہیں،نااہل وزیراعظم سے اعلان جنگ کرکے 27 فروری کو اسلام آباد کیلئے نکلیں گے، عام آدمی کب تک عمران خان کی نا اہلی کا بوجھ اٹھائے گا۔
سرگودھا کےعلاقےسیال شریف میں جلسہ عام سےخطاب کرتےہوئےبلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب سے یہ حکومت آئی ہے تبدیلی کے نام پر تباہی چل رہی ہے، عوام کے انسانی اور معاشی حقوق پر حملے ہو رہے ہیں، ایک کروڑ نوکریوں، 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا گیا تھا ،ان کا کیا بنا؟ظالموں نے تجاوزات کے نام پر غریب کے سر سے چھت چھین لی، ایک کروڑ نوکریاں دینا تو درکنار جن کے پاس پہلے سے روزگار تھا وہ بھی چھین لیا گیا، ملک میں ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے اور وزرا کہتے ہیں کہ پاکستان میں مہنگائی ہے ہی نہیں، ملک میں مہنگائی ہے اور اس کے ذمہ دار عمران نیازی ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے شروع سے ہی انہیں سلیکٹڈ کہا تھا،عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف)کےساتھ ڈیل عوام اورغریب دشمن ڈیل ہے، آپ کی ناکامی کا بوجھ غریب عوام پر پڑے گا، زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہےلیکن جب سے یہ ناکام حکومت آئی ہے ہماری زراعت تباہ ہوگئی ، کسان یوریا کے بحران پر احتجاج کر رہے ہیں، کرپشن پر عوام سے جھوٹ بولا گیا لیکن ٹرانسپرنسی کی رپورٹ نےعمران خان کی کرپشن کا بھانڈا پھوڑا دیا ہے۔ بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ ظالم حکومت پروپیگنڈے کے باوجود زیادہ دیر تک قائم نہیں رہے گی، عمران خان کی نا اہلی کا بوجھ عام آدمی کب تک اٹھائے گا؟ کٹھ پتلی کو بھگانے کے لئے پنجاب کےعوام کے ساتھ نکلیں گے اوربھگائیں گے، نااہل وزیراعظم کا مقابلہ کرنے کے لئے اعلان جنگ کرکے 27 فروری کو اسلام آباد کیلئے نکلیں گےاور وہاں پہنچ کر اپنے مطالبات حکومت اور دنیا کے سامنے رکھیں گے، تاریخ میں لکھا جائے گا جیالے دیوار بن کر کٹھ پتلی کے آگے کھڑے تھے، ہم نے ہر مشکل وقت میں ملک کو بحران سے نکالا ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آمریت کامقابلہ کیا ہے، ہم عوام کی خدمت کے لئے سیاست کرتے ہیں، جمہوریت ہماری سیاست اور مساوات ہماری معیشت ہے۔