• Sat. Jun 28th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

انگلینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ نہیں کیا جانا چاہیئے تھا۔ ایلیکس ہیلز

Feb 1, 2022

کراچی، یکم فروری (غلام مصطفے عزیز)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)سیز 7کی فرنچائزڈ ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل انگلینڈ کے کرکٹر ایلیکس ہیلز نے کہاہے کہ اکتوبر میں شیڈولڈ انگلینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ نہیں کیا جانا چاہئیے تھا۔ ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ پاکستان میں کرکٹ انجوائے کرتا ہوں اور یہاں خود کو محفوظ بھی محسوس کرتاہوں ۔ایلیکس ہیلز ان 24 انگلش کرکٹرز میں سے ایک ہیں جو اس سال پاکستان سپر لیگ کیلئے مختلف فرنچائزز کی نمائندگی کررہے ہیں، یہ 24 کرکٹرز انگلینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی کے 3 ماہ بعد ہی پاکستان آئے ہیں، ان میں سے 8 کرکٹرز ایسے ہیں جو انگینڈ کی موجودہ ٹیم کا حصہ ہیں۔ 33سالہ انگلش کرکٹر نے اپنے کیریئر،اسلام آباد یونائٹیڈ اور پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ نہیں کرنا چاہئیے تھا۔ یادرہے کہ منسوخی کے 3 ماہ بعد 24 انگلش کرکٹرز کی پی ایس ایل کھیلنے کے لئے پاکستان میں ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے 70 ون ڈے، 60 ٹی ٹوئنٹی اور 11 ٹیسٹ میچز کھیلنے والے ایلیکس ہیلز نے کہا کہ جس طرح پاکستان ٹیم کووڈ وبا کے دوران انگلینڈ آئی اور انگلش کرکٹ بورڈ(ای سی بی) کی مدد کی اس کے بعد مختصر دورے سے انکاری ہونے کا جواز نہیں تھا۔ہیلز نے کہا کہ وہ متعدد بار پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں، یہاں کی مہمان نوازی بہت زبردست ہے اور کھیل کا معیار بہت عمدہ ہے، فینز کرکٹ کے لیے ہمیشہ پرجوش ہوتے ہیں، یہ کرکٹ کیلئے بہترین جگہ ہے اور یہاں ہمیشہ خود کو ہر طرح سے محفوظ محسوس کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان ہونیوالے میچ میں گوکہ 25 فیصد تماشائی ہی اسٹیڈیم میں موجود تھے مگر ان کا شور اور جوش یہ احساس دے رہا تھا کہ ہم ہائوس فل تماشائیوں کے سامنے کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ہیلز نے کہا کہ پاکستان کا متعدد مرتبہ دورہ کیا ہے مگر پہلے سکیورٹی کی سختیاں اور پھر بائیو سکیور ببل کی بندشوں کی وجہ پاکستان گھومنے کا موقع نہیں ملا ،مگر مستقبل میں اگر معاملات ٹھیک رہے تو وہ یہاں کا کلچر ضرور دیکھنا چاہوں گا۔انگلش کرکٹر نے پاکستان سپر لیگ کے معیار کی بھی تعریف کی اور کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں کرکٹ کا اعلی معیار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور بیٹر یہ بہت سخت لیگ ہے، بولنگ کافی سخت ہے جبکہ یہاں کی پچز پر اسکور کرنا مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک ہے ، جبکہ اس کا معیار یقینی طور پر آئی پی ایل کے قریب تر اور بگ بیش لیگ کے ہم پلہ ہے ۔ ایلیکس ہیلز 2020میں کراچی کنگز کا حصہ تھے لیکن اس سیزن میں وہ اسلام آباد یونائٹیڈ کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ اس کے ڈریسنگ روم کا ماحول ہے جہاں ہر کوئی ایک دوسرے کی سپورٹ کرتا ہے، ہار کا خوف نہیں ہوتا جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کیلئے بہت اہم ہے، ڈریسنگ روم کا ماحول اچھا ہوتا ہے تو آپ پریشر ماحول میں اچھا پرفارم کرنے کی جستجو کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی اہداف نہیں رکھتے کیونکہ ٹیم کی جیت کے سامنے ذاتی اہداف کی کوئی اہمیت نہیں۔ ایلیکس ہیلز نے کہا کہ بلاشبہ ٹورنامنٹ میں آغاز اچھا ہوا ہے لیکن ذاتی ایوارڈ سے زیادہ اہم ٹیم کی جیت ہے ، مجھے زیادہ اچھا لگے گا اگر میں پی ایس ایل کی ٹرافی اٹھانے والی ٹیم کا حصہ بنوں گا۔ دائیں ہاتھ کے بیٹر نے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کیلئے کوشاں ہیں کیونکہ ٹیم میں واپسی کیلئے ایک یہ ہی راستہ ہے، گزشتہ دو سال کے دوران ان کے اعداد و شمار سب کے سامنے ہیں، امید ہے سلیکٹرز اس کو دیکھیں گے اور واپسی کا موقع ملے گا تاہم اس وقت وہ اپنی کرکٹ انجوائے کررہے ہیں۔