• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

وزیر اعلیٰ پنجاب کابارتھی میں قبائلی عمائدین ، معززین علاقہ سے خطاب ، نوکریاں ، قرضے دینے کا اعلان

Feb 3, 2022

تونسہ شریف (نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بارتھی میں قبائلی عمائدین اور معززین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے نوکریاں دینےاور لائیو سٹاک کیلئے قرضے دینے کا اعلان کر دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب جنوبی پنجاب میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں جہاں وہ مختلف علاقوں کے دورے کر رہے یں ۔ سردار عثمان بزدار نے بارتھی کے علاقے میں بلوچی زبان میں خطاب کیا ، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حکومت شفافیت کے ساتھ ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کرا رہی ہے ، ہم وہاں بھی گئے جہاں کوئی نہیں گیا ، روہاں بھی کام کروارہے ہیں جہاں کوئی کام نہیں ہوا تھا، پی ٹی آئی کی حکومت تاریخ کی واحد حکومت ہے جس کے دامن پہ کرپشن کا کوئی داغ نہیں ۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہم ایک لاکھ 30ہزار نوکریاں دے رہے ہیں، بلوچ لیویز اور بارڈر ملٹری پولیس میں بھرتیاں کر رہے ہیں، علاقے میں لائیوسٹاک کے فروغ کے لئے 50ہزار روپے تک کے قرضے دئیے جائیں گے ، مسائل کے حل کے لئے عوام سے رابطے میں ہوں ۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بارتھی پسماندہ ترین علاقہ تھا ، ساڑھے 3 برس میں ترقی کی دوڑ میں شامل ہو گیا ہے، 740 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ عوام دوستی کامنہ بولتا ثبوت ہے ، کوہ سلیمان میں بارڈر ملٹری پولیس کے نئے تھانے او رچوکیاں بنا رہے ہیں ، طلبا و طالبات کے لئے کوہ سلیمان سنٹر آف ایکسیلینس بنارہے ہیں ، کوہ سلیمان کے علاقے میں پانی کی فراہمی کے لئے پمپس،ڈیمز او ردیگر سکیمیں مکمل کرائیں گے ، وہ وقت آرہا ہے جب تحصیل کوہ سلیمان میں تمام سہولتیں میسر ہوں گی ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے کے نوجوانوں کے لئے بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹی آف تونسہ بنا رہے ہیں ، عوام کی ترقی کے لئے دن را ت کام کررہے ہیں ، جنوبی پنجاب کے لوگوں کے مسائل ا ب ملتان اوربہاولپور میں ہی حل ہوں گے ، میری پوری ٹیم عوام کی خدمت پر مامور ہے ۔

اس موقع پر ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نے بھی خطاب کیا۔