کراچی، 2 فروری(غلام مصطفے عزیز)۔فخرزمان کی خوبصورت بیٹنگ اور زمان خان کی عمدہ بالنگ کی بدولت پی ایس ایل سیزن 7 کے نویں میچ میں لاہورقلندرز نے پشاورزلمی کو29 رنز سے شکست دے دی،پلیئرآف دی میچ کا ایوارڈزمان خان کو دیا گیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بدھ کو کھیلے جانے والے میچ میں فخر نے اپنی شاندار فارم کو برقرار رکھتے ہوئے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔قلندرز کے اسکور 199 کے جواب میں زلمی کی ٹیم اپنی اننگز کے مقررہ 20 اوورز میں 170-9رنز بناسکی۔میرپورآزادکشمیر سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ میڈیم فاست بالر زمان خان نے 32رنز دیکر کامران اکمل(41)، حسین طلعت(15)ا ور شرفین ردرفورڈ(21) کی اہم وکٹ حاصل کی۔زلمی کو ابتداء ہی میں پہلا بڑا جھٹکا لگا جب حضرت اللہ زازائی کو شاہین شاہ آفریدی نے صفر پر بولڈ کردیا۔حیدرعلی نے جم کر بیٹنگ دکھائی لیکن بلآخر وہ 35 گیندوں پر50رنز بناکرآئوٹ ہوگئے جس میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے اور اسی پر پشاورزلمی کے میچ جیتنے کے امکانات ختم ہوگئے۔ شروع میں اوپنرکامران اکمل نے 24گیندوں پر 41رنز کی تیز اننگز کھیلی جس میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔لاہورقلندرز کی فیلڈنگ جیت کے باوجود ناقص رہی اور انہوں نے چھ کیچ گرانے کے علاوہ کیپر ذیشان اشرف نے ایک اسٹمپ بھی چھوڑا۔قلندرز کے ڈیوڈ ویزا نے 2 اوورز میں 11 رنز دیکر2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے کفایتی بالنگ کرنے ہوئے 19رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ فخرزمان نے لاہورقلندرز کی بیٹنگ کو کھڑا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ، فخرنے 28 گیندوں پر نصف درجن چوکوں اور 3 بڑے چھکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے۔اس سے پہلے دومیچوں میں انہوں نے 106 اور 76 رنز بنائے تھے، 248 رنز کے ساتھ فخرزمان سیزن 7 کے سب سے بڑے اسکورر بن گئے۔ فخر نے عبداللہ شفیق کے ساتھ اپنی ٹیم کو 10 اوورز میں 98رنز کا بھرپور اسٹارٹ فراہم کیا۔ عبداللہ نے 31 گیندوں پر 41 رنزبناکرآئوٹ ہوئے جس میں 2 چھکے اور 3چوکے شامل تھے۔ویٹرن بیٹر محمد حفیظ نے دومیچوں میں ناکامی کے بعد ایک تیز اننگز کھیلی۔ حفیظ نے 19 گیندوں پر ناقابل شکست 37 رنز بنائے جس میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ افغانستان سے تعلق رکھنے والے لیگ اسپینرراشدخان نے آخری اوورز میں صرف 8 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 22 رنزکی اننگز کھیلی۔نمیبیا سے تعلق رکھنے والے آلرائونڈر ڈیوڈویزا پہلی ہی گیند پر صفر پر سلمان ارشاد کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔ لاہورقلندرز نے حفیظ اور راشد کی تیزرفتار بیٹنگ کی بدولت آخری تین اوورز میں 44 رنز بنائے۔ زلمی کے سلمان ارشاد نے 47 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں۔