• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پی ایس ایل سیون، ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کوآسانی سے شکست دیدی

Feb 6, 2022

کراچی (نمائندہ خصوصی)ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو57 رنز سے شکست دیدی۔ملتان سلطانز کی پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) سیون میں یہ مسلسل پانچویں جیت ہے۔

پشاور زلمی 223 رنز کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بناسکی۔بڑے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا۔کامران اکمل سات گیندوں پر 10 رنز بناکر شاہ نواز دھانی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد حیدر علی نے جارحانہ آغاز کیا مگر وہ 12گیندوں پر 24 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔انکی اننگز میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں او رکوئی بھی بلے باز لمبی اننگز نہ کھیل سکا۔شعیب ملک 11، حضرت اللہ زازئی 43،ردرفورڈ دو،کپتان وہاب ریاض دو،عثمان قادر12،محمد عمر تین رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بین کٹنگ نے 31 گیندوں پر52 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے،انکی اننگز میں پانچ چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔

ملتان سلطان نےپشاور زلمی کو جیت کے لیے 223رنز کا ہدف دیا ہے۔ملتان سلطانز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر222 رنز بنائے۔دونوں اوپننگ بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور وکٹ کے چاروں جانب بڑی شاٹس کھیلیں۔شان مسعود 25 گیندوں پر 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ،انکی اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد صہیب مقصود اور محمد رضوان نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور رن ریٹ کو گرنے نہ دیا۔ملتان سلطانز کی دوسری وکٹ 14 ویں اوور میں گری۔ صہیب مقصود17گیندوں پر 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،انکی اننگز میں دو چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔کپتان محمد رضوان 53 گیندوں پر 82 رنز بناکر 19 ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔انکی اننگز میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ٹم ڈیوڈ 19گیندوں پر 51جبکہ خوشدل شاہ سات گیندوں پر 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔پشاور زلمی کی جانب سے سلمان ارشاد، عثمان قادر اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی نے میچ کا ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کے خلاف ہمارا یہ پہلا میچ ہے ،کوشش ہوگی کہ ان کو شکست دیں۔ محمد رضوان کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے باؤلنگ ہی کرتے ،ہم سٹیپ بائے سٹیپ چیزوں کو بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔پشاور زلمی نے ٹیم میں ایک جبکہ ملتان سلطانز نے تین تبدیلیاں کی ہیں۔