کراچی۔7فروری(غلام مصطفے عزیز)۔پی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹوراور ویسٹ انڈین لیجنڈ سر ویوین رچرڈزنے کہا ہے کہ سرفراز احمد میں اپنے اہداف حاصل کرنے کی صلاحیتیں موجود ہیں، میری طرح سرفراز بھی اپنے جذبات ظاہر کردیتے ہیں۔انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ سرفراز احمد کی شخصیت کو پسند کرتے ہوئے کہا کہ گلیڈی ایٹر پی اایس ایل میں کم بیک کرے گی۔رچرڈز نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں دنیا کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے باالخصوص فاسٹ بالنگ کے شعبے میں زیادہ ٹیلنٹ ہے، یہ دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک ہے۔ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرکٹر نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان بابر اعظم، سابق کپتان سرفراز احمد اور ابھرتے ہوئے بیٹر اعظم خان کی صلاحیتوں پر بھی گفتگو کی اور امید ظاہر کی کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم جلد فارم میں واپس آجائے گی۔ بابر اعظم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے عہد کے ٹاپ بیٹر ویوین رچرڈز نے کہا کہ بابر اعظم بلاشبہ بہترین کرکٹر ہیں ان کا کھیل ایسا ہے جیسا باکسنگ میں محمد علی کا تھا، وہ آپ کو تھکاتا ہے، اس کو کھیلتا دیکھ ہر کسی کو لطف آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ سرفراز احمد کو وہ ہمیشہ سے پسند کرتے ہیں اور وہ ان کے دل کے قریب ہیں، سرفراز احمد اپنے جذبات نہیں چھپاتا ، وہ ٹیم میں جس انداز سے جان ڈالتا ہے، جوش ڈالتا ہے وہ قابل دید ہے۔ ویو رچڑدز نے بتایا کہ ان کی سرفراز احمد سے گفتگو ہوئی اور انہوں نے سرفراز احمد کو کہا کہ وہ ایک ایسے پلیئر ہیں جو اپنا ہدف حاصل کرنا جانتے ہیں اور ان میں وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جو کامیاب ہونے کے کیلئے درکار ہیں۔ سرفراز احمد کی واپسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے رچڑدز نے کہا کہ اچھے اور برے دور کا آنا ہر پلیئر کے کیریئر کا حصہ ہے، سرفراز کیلئے ضروری ہے کہ وہ وہی کرتا رہے جو گزشتہ کئی برس سے کرتا آیا ہے۔ رچرڈز نے امیدظاہر کی کہ سرفراز احمد جلد اپنی فارم حاصل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ انہیں نوجوان اعظم خان کو ترقی کرتا دیکھ کر بھی بہت اچھا لگا، اس عمر میں جس انداز سے اعظم کھیلتا ہے، اس کو دیکھ کر یوں لگتا ہے کہ وہ کافی تجربہ کار پلیئر ہے۔ ویوین رچرڈز نے کہا کہ وہ ایک بار پھر پاکستان آکر کافی خوش ہیں، اس جگہ سے انہیں ہمیشہ لگائو رہا ہے، کوئٹہ کی ٹیم میں بہت زبردست ماحول ہے، ٹیم کے اونرز، ٹیم کے دیگر اراکین کافی اچھا ماحول بنائے رکھتے ہیں۔ ٹیم کے مینٹور نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ٹیم کا آغاز ویسا نہیں ہوا جیسا ہونا چاہتے تھے، ٹیم کو کہا ہے کہ اچھا برا وقت آتا ہے، گزر جاتا ہے، ٹیم ابھی برے وقت میں ضرور ہے مگر آئوٹ نہیں ہوئی، گلیڈی ایٹرز کے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو ٹیم کو اس صورتحال سے باہر نکال سکتے ہیں اور امید ہے وہ ایسا جلد کریں گے۔پاکستان سپر لیگ کے معیار کی تعریف کرتے ہوئے ویو رچرڈز نے کہا کہ یہ دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک ہے، اس کا معیار کافی اوپر ہے کیوں کہ یہاں دنیا کے بہترین فاسٹ بولرز ملتے ہیں، پی ایس ایل سے پاکستان کے نوجوان ٹیلنٹ کی بھی بہترین نشونما ہوئی ہے اور امید ہے یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ دنیا بھر میں جتنی بھی لیگز ہورہی ہیں اگر ان تمام میں مقابلے کا رحجان دیکھیں تو اس حساب سے پی ایس ایل سب سے بہتر ہے۔