بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے)سٹی ٹریفک پولیس کاسٹی ایریا وضلع کے مختلف مقامات پرروڈ یوزر اورڈرائیور حضرات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کاسلسلہ جاری ہے،پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے، ٹریفک قوانین پر عمل کرکے ہی مہلک حادثات سے بچنے کے ساتھ ساتھ قیمتی جانوں کے ضیاع اورہمیشہ کے لیے معذوری سے بھی بچ سکتے ہیں، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرعبادت نثار۔تفصیل کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب راؤسردارعلی خان کا ”محفوظ شاہراہ محفوظ مستقبل کی ضمانت” کے حوالے سے احکامات کی روشنی میں ڈی پی اوعبادت نثار کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس نے سٹی ایریا اورضلع کے مختلف مقامات پرروڈ یوزر اورڈرائیورحضرات کو ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہی فراہم کی،انہوں نے کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کرنے سے ٹریفک حادثات سے بچاجاسکتا ہے،بغیر لائسنس کے گاڑی یاموٹر سائیکل مت چلائیں،دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال جان لیوا ہوسکتاہے،ایسا ہرگز نہ کریں، گاڑی چلاتے وقت ہمیشہ سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں،دائیں یا بائیں مڑتے وقت ہمیشہ انڈیکیٹرز کا استعمال کریں،موٹر سائیکل چلانے والے اشخاص اپنے موٹر سائیکل پر سائیڈ ویو مررز لازمی لگوائیں ہیلمیٹ پہنے بغیرموٹر سائیکل مت چلائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھواں ماحول اور صحت کے لیے نقصان دہ ہے، اس لیے سموگ کی روک تھام کے لیے ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں اور گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا ضرور استعمال کریں۔کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے کے لیے مت دیں، ڈی پی او نے اپنے پیغام میں کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل کرکے ہی مہلک حادثات سے بچنے کے ساتھ ساتھ قیمتی جانوں کے ضیاع اورہمیشہ کے لیے معذوری سے بھی بچ سکتے ہیں۔