• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

خارجہ پالیسی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے کس چیز کی ضرورت ہے ؟ شاہ محمود قریشی نے کھل کر بتا دیا

Feb 11, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے ہمیں تھنک ٹینکس کی معاونت کی ضرورت ہے، حکومت پاکستان نے اپنی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے، ہم اکثر قومی سلامتی کی بات کرتے ہیں ،قومی سلامتی، اقتصادی استحکام سے مشروط ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمودچ قریشی نے کہاکہ ہمارے ملک کو جن اندرونی چیلنجز کا سامنا ہے ان میں معاشی چیلنج سر فہرست ہے، ہمارے پاس بھرپور وسائل موجود ہیں، ہمارے بیرون ملک مقیم پاکستانی انتہائی جانفشانی سے محنت کرتے ہیں، ہم اس وقت تک سفارتی اہداف حاصل نہیں کر سکتے جب تک ہم معاشی استحکام کا ہدف حاصل نہیں کر سکتے، ہمارے ملک کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے، ہم جغرافیائی لوکیشن بہت اہمیت کی حامل ہے جہاں ہمارے گرد بہت سے ممالک ایسے ہیں جن کی خوراک سے متعلقہ ضروریات ہم آسانی سے پورا کر سکتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ہم روابط کو بڑھا کر، توانائی کے مرکز وسط ایشیا سے مستفید ہو سکتے ہیں، ہم نے ایران کے ساتھ بارڈر مارکیٹس کھولیں اور افغانستان کے ساتھ اس اقدام کو دہرانے کا ارادہ رکھتے ہیں، وزارتِ خارجہ میں ہم نے اقتصادی سفارت کاری کے اقدام کا آغاز کیا ہے، اقتصادی سفارت کاری ،محض درآمدات، برآمدات سے متعلق نہیں،ہمارے پاس مذہبی و ثقافتی سیاحت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں، ہمیں درست سمت میں آگے بڑھنا ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ اور وہ درست سمت اقتصادی خود انحصاری کی جانب سفر ہے، وزیر اعظم عمران خان نے نیا پاکستان کا خواب دیکھا وہ سوچ کی تبدیلی ہے،ہمیں دیکھناہےکہ پاکستان کو آگےلےجانے کیلئے ہمیں کس طرح کے پالیسی فیصلے درکار ہیں، پاکستان، میں بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے،ہمارے وسط ایشیائی ریاستوں کےساتھ مثالی تعلقات ہیں،ہمیں وسط ایشیاکےساتھ اقتصادی فٹ پرنٹ کو بڑھاناہے،ہمیں سوئس اکاونٹس کھولنے کی ضرورت نہیں،ہمارا جینا مرنا اسی سرزمین پر ہے،ہماری کوشش ہے کہ اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو بہتر بنایا جائے، تھنک ٹینکس، ماہرین بین الاقوامی امور کے اشتراک اور مشاورت کے ساتھ آگے بڑھنے کیلئے پر عزم ہیں۔