• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

واٹربورڈ کے انجینئر ز اور افسران درپیش شکایات کے خاتمہ کیلئے منتخب نمائندوںسے بھرپور تعاون کریں۔ انجینئر اسداللہ خان

Oct 10, 2019

کراچی۔ 9 اکتوبر ۔۔۔۔ واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر اسداللہ خان نے کہا ہے کہ واٹربورڈ کے انجینئر ز اور افسران کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ شہریوں کو فراہمی ونکاسی آب کی بہتر سہولیات اور اس ضمن میں درپیش شکایات کے خاتمہ کیلئے منتخب نمائندوںسے بھرپور تعاون کیا جائے، ہر افسر اپنے علاقہ کے منتخب نمائندوں سے رابطے میں رہے، فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی اور ان ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افسران وعملے کے ارکان کا فوری تبادلہ کردیا جائے نیز ان کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے، واٹربورڈ ضلع شرقی سمیت شہر کے تمام اضلاع میں نکاسی وفراہمی آب کی سہولیات کی بہتری کیلئے مصروف عمل ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں اس ضمن میں مختلف نوعیت کے کام بھی جاری ہیں۔ یہ بات انہوں نے رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی سے ملاقات اور بعدازاں اپنی سربراہی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر واٹربورڈ کے چیف انجینئر واٹرڈسٹری بیوشن غلام قادر عباس، سپرنٹنڈنگ انجینئر امتیاز مگسی، روشن دین، ایگزیکٹیوانجینئر، سید اعجاززیدی، واصف فاروقی، اعجاز احمد، اسسٹنٹ ایگزیکٹیوانجینئر وقار احمد اور دیگربھی موجود تھے۔ رکن اسمبلی جمال صدیقی نے ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسداللہ خان کو اپنے حلقہ انتخاب میں فراہمی ونکاسی آب کے مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کا مطالبہ کیا۔ ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ واٹربورڈ جمشید ٹاؤن، امین آباد، پیر الہیٰ بخش کالونی، غوثیہ کالونی، عثمانیہ کالونی، سولجر بازار اور گارڈن سمیت دیگر علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل کے حل کیلئے واٹربورڈ شہر کے کئی مقامات پر کام کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سولجر بازار، آغا خان جماعت خانہ، بجلی گراؤنڈ، وملحقہ علاقوں میں سیوریج اوورفلو کا سبب بنے والی سیوریج لائین کو تبدیل کیا جارہا ہے جبکہ امین آباد و ملحقہ علاقوں کوپانی کی فراہمی میں بہتری کیلئے نئی لائن ڈالی جائے گی۔ انہوں نے اجلاس میں موجود واٹربورڈ کے افسران اور انجینئرز کو ہدایات دیں کہ رکن اسمبلی کی جانب سے نشاندہی کردہ مسائل دو رو ز میں حل کردیئے جائیں، منتخب نمائندوںسے بھرپور تعاون کیا جائے، ہرافسر اپنے علاقہ کے منتخب نمائندوں سے رابطے میں رہے، فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی اور ان ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افسران وعملے کے ارکان کا فوری تبادلہ کردیا جائے نیز ان کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔