کراچی،9 فروری،(غلام مصطفے عزیز)۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، بابراعظم کپتان اور محمد رضوان نائب کپتان ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 16 کھلاڑیوں اور پانچ ریزرو کھلاڑیوں پرمشتمل قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی 4 تا 8 مارچ، دوسرا کراچی 12 تا 16 مارچ ااور تیسرا لاہور 21 تا 25 مارچ کو کھیلا جائے گا۔آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔فاسٹ بائولر حارث رئوف اور اوپنر شان مسعود کی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوگئی ہے۔حارث رئوف جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ تھے۔ شان مسعود نے آخری مرتبہ سیزن 2020-21 میں دورہ نیوزی لینڈ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ان دونوں کھلاڑیوں کو اسپنر بلال آصف اور اوپنر عابد علی کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔اسکواڈ میں شامل اکیسویں رکن یاسر شاہ کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل جو کھلاڑی ایچ بی ایل پی ایس ایل 2022 کا حصہ نہیں ہیں وہ بدھ 16 فروری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تربیتی کیمپ کا حصہ بن جائیں گے۔قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں بابر اعظم ،محمد رضوان ،عبداللہ شفیق،اظہر علی،فہیم اشرف،فواد عالم،حارث ر ئو ف، حسن علی،امام الحق،محمد نواز،نعمان علی،ساجد خان ،سعود شکیل،شاہین شاہ آفریدی،شان مسعود ،زاہد محمود شامل ہیں جبکہ ریزرو پلیئرزکامران غلام،محمد عباس ،نسیم شاہ،سرفراز احمد،یاسر شاہ شامل ہیں۔پاکستان کرکٹ کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں کرنے کی بجائے ایک تسلسل برقرار رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف کھلاڑیوں میں اعتماد بڑھے گا بلکہ یہ ان کی سال 2021 میں عمدہ کارکردگی کا صلہ بھی سمجھا جائے گا۔محمد وسیم نے کہا کہ یہ ڈومیسٹک کرکٹ کے دستیاب بہترین، باصلاحیت اور سب سے ان فارم کھلاڑی ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ منتخب کردہ تمام کھلاڑی آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے ثقلین مشتاق کو مزید 12 ماہ کے لیے پاکستان کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔ محمد یوسف کو آسٹریلیا سیریز کے لیے بیٹنگ کوچ جبکہ شان ٹیٹ کو 12 ماہ کے لیے پاکستان کا فاسٹ بائولنگ کوچ مقرر کرنے کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔