لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ کے دیوانوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ، 100 فیصد شائقین کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی گئی ۔
نجی ٹی وی( دنیا نیوز )کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کے بقیہ میچز کے لیے کل سے مکمل ویکسینیٹڈ شائقینِ کرکٹ کو میچز دیکھنے کی اجازت مل گئی۔ اس حوالے سے ڈی سی لاہور کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کل سے لاہور کے 6 مقامات سے سٹیڈیم تک بس سروس کے سپیشل روٹس چلیں گے۔
ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کے مطابق سپیشل روٹس شائقینِ کرکٹ کی آسانی کے لیے چلائےجارہے ہیں، سپیشل روٹس ماس ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور نجی کمپنی کے ساتھ مل کر چلائے جارہے ہیں۔مذکورہ روٹس گڑھی شاہو، آر اے بازار، شاہدرہ، ٹھوکھر نیاز بیگ، شوکت خانم چوک، سکیم موڑ سے چلائے جارہے ہیں۔ڈی سی لاہور کے مطابق سپیشل روٹس 27 فروری تک چلیں گے۔عمر شیر چٹھہ کے مطابق شائقینِ کرکٹ کو 4:30 پر پک کیا جائے گا جبکہ رات 11:45 پر ڈراپ کیا جائے گا۔