بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب عامر عقیق خان کی زیر صدارت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹریز غلام مصطفی،محمد راشد،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ،ایکسین لوکل گورنمنٹ ،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ،چیف آفیسر ضلع کونسل اور چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن نے شرکت کی۔اجلاس میں لوکل گورنمنٹس اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں شرکت کرنے والے افسران نے اپنی اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عامر عقیق خان نے کہا کہ ضلع کونسل اور کارپوریشن کے ایریا میں تمام غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائی کی جائے۔ماہِ صفائی کے حوالے سے معیاری پلان تشکیل دے کر صفائی کی مہم کو زیادہ تیز کیا جائے اور بہتر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سٹریٹ لائٹس کو فنگشنل کیا جائے اور کوئی بھی مین ہول کور کے بغیر نہیں ہونا چاہئے۔عامر عقیق خان نے ایکسین لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کی ترقیاتی سکیموں کو جلد از جلد معیار کے مطابق مکمل کیا جائے اور نئے ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیموں کی تشکیل عوامی ضروریات کے مطابق کی جائے۔