• Sat. Jun 28th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پاک آسٹریلیا تاریخی ٹیسٹ، دوسرے روز کا کھیل جاری ،پاکستان نے 272 رنز بنالیے

Mar 5, 2022

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) آسٹریلیا نے 24 سال کے بعد پاکستانی سٹیڈیم میں میلہ سجا دیا ہے ، تاریخی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل جاری ہے اور امام الحق ڈبل سینچری کی دوڑ میں لگ گئے ہیں ، پاکستان نے اب تک ایک وکٹ کے نقصان پر 272 رنز جوڑ لیے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس پر امام الحق اور عبداللہ شفیق نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا، امام الحق نصف سینچری بنا چکے تھے اور عبداللہ شفیق ففٹی بنانے کے قریب تھے اور ماہرانہ انداز میں شاٹس کھیل رہے تھے لیکن ان کی قسمت نے ساتھ نہیں دیا اور عبداللہ شفیق نصف سینچری بنائے بغیر ہی 44 رنز پر لیون کی گیند پر کپتان پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے۔

عبداللہ شفیق کے بعد اظہر علی نے امام الحق کے ساتھ کریز سنبھالی اور دونوں کھلاڑیوں نے پہلے دن کے اختتام پر مجموعی طور پر 245رنز بنائے۔ امام الحق نے دوسال بعد شاندار کم بیک کرتے ہوئے 132رنز بنا لیے ہیں اوروہ کریز پر موجود ہیں جبکہ اظہر علی 64رنز بنا کر ا ن کے ساتھ موجود ہیں۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پچ بہت اچھی لگ رہی ہے اور سکور بورڈ پر بڑا سکور سجانے کی کوشش کریں گے ، امید ہے وکٹ میچ کے آخری دنوں میں سپنرز کیلئے مددگار ہو گی۔

واضح رہے کہ قومی سکواڈ میں کپتان بابر اعظم ، وکٹ کیپر محمد رضوان , امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، ساجد علی، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔