نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) شوبز کی دنیا باہر سے بہت چکا چوند والی محسوس ہوتی ہے مگر اس انڈسٹری سے وابستہ لوگ اس کے برعکس ہی بتاتے ہیں۔ اب 24سالہ انٹرنیشنل فیشن ماڈل کائیلی وونامے ہی کی مثال لیں جس نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ لوگ سمجھتے ہیں میری زندگی بہت گلیمرس ہے مگر وہ نہیں جانتے کہ مجھے اور دیگر ماڈلز کو اس انڈسٹری میں کتنی سخت محنت کرنی پڑتی ہے۔
ڈیلی سٹار کے مطابق کائیلی اب تک شنیل، ویراوینگ اور ورساچی سمیت کئی انٹرنیشنل برانڈز کے لیے ماڈلنگ کر چکی ہے۔ انٹرویو میں کائیلی کا مزید کہنا تھا کہ ”میں 16سال کی عمر سے ماڈلنگ کر رہی ہوں۔ میں ٹیلرسوفٹ کے ایک کنسرٹ میں شریک تھی جہاں ایک خاتون نے مجھے دیکھا اور ماڈلنگ کی آفر کر دی۔ اس وقت میں بھی یہی سمجھتی تھی کہ شوبز کی دنیا بہت گلیمرس ہوتی ہے لیکن جب میں اس سے وابستہ ہوئی تھی پتا چلا کہ اس میں بہت مشقت کرنی پڑتی ہے اور آرام کے لیے بھی کم ہی وقت ملتا ہے۔“