• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پولیس سرجنز کے لیے ڈی این اے لیب میں تربیتی سیشن دورِ حاضر میں تفتیش اور عدالتی کاروائی میں میڈیکو لیگل اگزامینیشن کی اہمیت زیادہ ہے

Oct 11, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز)صوبے کی پہلی جدید سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری (ایس ایف ڈی ایل) کے تحت جمعرات کو بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں پولیس سرجنز اور میڈیکو لیگل افسران (ایم ایل اوز) کے لیے ”میڈیکو لیگل اگزامینیشن” کے موضوع پر تربیتی سیشن منعقد ہوا۔ سیشن میں 25 آفیشلز نے شرکت کی، تربیتی سیشن کے معیار کو جانچنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ کی انسپیکشن ٹیم کے رکن عبدالرزّاق اور کراچی پولیس کے چیف سی سی پی او غلام نبی میمن بھی اس موقع پر موجود تھے، بعد ازاں اعلیٰ آفیشلز نے فرانزک ڈی این اے لیبارٹری کا دورہ بھی کیا اور بین الاقوامی مرکز کے آفیشلز سے میٹنگ کے دوران لیبارٹری کی تعمیر و تشکیل پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ ایس ایف ڈی ایل کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر اشتیاق احمد اور ٹیکنکل مینیجر ڈاکٹر نعمان رسول نے تربیتی سیشن سے خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ، جامعہ کراچی کے تحت اس جدید ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری کا قیام عمل میں آیا ہے، یہ سندھ میںاپنی نوعیت کی پہلی اور پاکستان میں دوسری فرانزک لیبارٹری ہے جسے جمیل الرحمن سینٹر فار جینومکس ریسرچ میں قائم کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا دورِ حاضر میں تفتیش اور عدالتی کاروائی کی انجام دہی میں میڈیکو لیگل اگزامینیشن کی اہمیت زیادہ ہے، اس کی ضرورت جنسی حملے سے متعلق مقدمات میںزیادہ پیش آتی ہے اور بالخصوص وہاں جہاں موت کا طبّی سبب نا معلوم ہو، انھوں نے کہا پاکستان میں ایم ایل اوز مناسب تربیت نہ ہونے کی وجہ سے میڈیکو لیگل اگزامینیشن جدید نوعیت کا نہیں ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس لیبارٹری کا موازنہ دنیا کی کسی بھی جدید فرانزک لیب سے کیا جاسکتا ہے، انھوں نے بتایا اس لیب میں جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کا ڈی این اے کی بنیاد پر تجزیہ کیا جاتا ہے، یہ لیبارٹری جدید آلات سے نہ صرف مزیّن ہے بلکہ اس کی تعمیر بھی خاس سائینسی انداز میں کی گئی ہے، اب ڈی ای اے ٹیسٹ کے لیے نمونے سندھ سے باہر بھیجنے کی ضرورت نہیں ہوگی، انھوں نے اس لیبارٹری کی تعمیر میں شعبۂ صحت سندھ اور سپریم کورٹ کے کردار کو بھی سراہا ۔ ڈاکٹر نعمان رسول نے فرانزک ڈی این اے لیبارٹری میں میڈیکو لیگل اگزامینیشن کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی، انھوں نے نامناسب میڈیکو لیگل اگزامینیشن کے خطرات کے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا، اور فرانزک لیبارٹری سے متعلق اپنے تجربات کا ذکربھی کیا۔ سیشن کے دوران شرکاء نے نہ صرف سولات کیے بلکہ اس تربیتی سیشن کو انتہائی سودمند قرار دیا، آخر میں بین الاقوامی مرکز کے سینئر پروفیسر ڈاکٹر خالد ایم خان نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیے۔