کراچی(غلام مصطفے عزیز) ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسداللہ خان نے کہا ہے کہ بعض علاقوں میں واٹربورڈ کی لائنوں پر علاقہ مکینوں نے تجاوزات قائم کرلی ہیں، اس سبب واٹربورڈ کو سیوریج لائنوں کی صفائی، اوورفلو کے خاتمے اور لائنوں کی تبدیلی میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، منتخب نمائندے اس قسم کے اقدامات کی حوصلہ شکنی کریں اور واٹربورڈ کی تنصیبات پر تجاوزات کے خاتمہ میں واٹربورڈ سے تعاون کریں ،سندھ حکومت کے تعاون سے ضلع غربی میں فراہمی آب کی بہتری کیلئے اقدامات کیئے جارہے ہیں، جن کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے ،یہ بات انہوںنے رکن اسمبلی عالمگیر خان ،ارسلان تاج اور امیر جماعت اسلامی ضلع غربی محمد اسحاق خان کی قیادت میں آنے والے وفود کے ساتھ منعقدہ اجلاسوں سے خطاب کے دوران کہی ، اراکین اسمبلی عالمگیرخان اور ارسلان تاج سے فراہمی ونکاسی آب کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی واٹربورڈنے کہا کہ نارتھ، کراچی نیوکراچی ، حسین ہزارہ گوٹھ سمیت شہر کے مختلف علاقوںکے بعض مکینوں نے واٹربورڈ کی لائنوں پر مکانات کی گیلریاں اور دیواریں تعمیر کرلی ہیں جبکہ نارتھ ناظم آباد سمیت دیگر میں واٹربورڈ کی پانی کی لائنوں پر تعمیرات کی گئی ہیں، واٹربورڈان کے خلاف آپریشن کرتا رہتا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ منتخب نمائندے اس قسم کے اقدامات کی حوصلہ شکنی کریں ،انہوں نے کہاکہ بہادرآباد ،مسلم آباد ،مقبول آباد ،کراچی میمن سوسائٹی ،چاندنی چوک اسٹیڈیم روڈ ،بلو چ گوٹھ،گلشن اقبال ، گلستان جوہر ،حسین ہزارہ گوٹھ ،جمال الدین افغانی روڈ و ملحقہ علاقوںمیں سیوریج کے متعدد مسائل کا خاتمہ کردیا گیا ہے ،واٹربورڈ کے اقدامات سے ان علاقوں کے مکین خوش ہیں ، جبکہ شہر کے دیگرعلاقوں میں فراہمی ونکاسی آب کے مسائل کے حل کیلئے واٹربورڈ کا عملہ کام کررہا ہے ،علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی ضلع غربی محمد اسحاق خان کی قیادت میں آنے والے یوسی چیئرمینوں اور کونسلرز کے وفدکے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی واٹربورڈ نے وفد کو یقین دلایا کہ سندھ حکومت کے تعاو ن سے واٹربورڈ کے جاری مختلف کاموں کی تکمیل سے ضلع غربی میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب میں بہتری آئے گی ،انہوں نے کہا کہ حب ڈیم سے ضلع غربی کو پانی کی فراہمی جاری ہے تاہم کثیرآبادی ہونے کے باعث ضلع غربی میں پانی کی فراہمی میں مسائل درپیش ہیں ،انہوں نے کہا کہ حب کینال کی خستہ حالت کے باوجود واٹربورڈ کے ماہر انجینئرز اور عملہ پانی کی فراہمی اور منصفانہ تقسیم آب کیلئے مصروف عمل ہے ،انہوںنے وفد کو بتایا کہ ضلع غربی میں نکاسی آب کی بہتر سہولیات کیلئے ضلع کے مختلف علاقوںمیں لائنوں کی تبدیلی ، لیکیجز کے خاتمہ اور مین ہولز کی مرمت کا کام بھی کیا جارہا ہے ،قبل ازیں وفد نے ایم ڈی واٹربورڈ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جن کے حل کیلئے ایم ڈی واٹربورڈ نے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں ،اس موقع پر چیف انجینئر واٹرڈسٹری بیوشن غلام قادر عباس، چیف انجینئر سیوریج سلیم احمد ، چیف انجینئر بلک ظفر پلیجو ، سپرنٹنڈنگ انجینئرز امتیاز مگسی ، اسلم اعوان ، غلام محمد حب ،محمد ریاض ،ایگزیکٹیو انجینئر مہیش لعل اور دیگر بھی موجود تھے۔