ممبئی (ویب ڈیسک) آریان خان منشیات کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کا آزاد گواہ پربھاکر سائل دل کا دورہ پڑنے سے 36 برس کی عمر میں ہلاک ہوگیا۔
پربھاکر سائل کے وکیل تشار کھنڈارے نے میڈیا کو بتایا کہ منشیات کیس کے آزاد گواہ پربھاکر سائل کو ان کی رہائش گاہ پر دل کا شدید دورہ پڑا جس کے باعث وہ جمعے کو چل بسا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پربھاکر سائل اس کیس کے ایک اور گواہ کے پی گوساوی کا باڈی گارڈ تھا۔ پربھاکر سائل نے اس وقت میڈیا کی توجہ حاصل کی جب اس نے اپنے حلفیہ بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے نے آریان خان کی رہائی کے لیے 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق پربھاکر سائل نے دعویٰ کیاتھا کہ اس نے کے پی گوساوی کو 25 کروڑ روپے کے مطالبے پر بات کرتے ہوئے سنا تھا یہ معاملہ 18 کروڑ میں فائنل ہونا تھا جس میں سے 8 کروڑ روپے مبینہ طور پر این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کو ادا کیے جانے تھے اور باقی 10 کروڑ آپس میں بانٹنے کی بات ہورہی تھی۔
اس کے علاوہ پربھاکر سائل نے یہ بھی کہا تھا کہ این سی بی نے اس سے خالی کاغذات (پنچ نامے) پر سائن کرنے کے لیے کہاتھا۔ ڈی سی پی زون ون کے سامنے ریکارڈ کرائے گئے اپنے بیان میں سائل نے کہا تھا کہ اس نے شاہ رخ خان کی مینجر پوجا دادلانی سے بھی بات چیت کی تھی۔ان الزامات کے بعد این سی بی نے انکوائری شروع کی تھی اور وانکھیڑے نے ان تمام الزامات سے انکار کیا تھا۔
آریان خان منشیات کیس کا اہم گواہ چل بسا
