کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 22سال کے ہو گئے ، گزشتہ روز شاہین شاہ کی برتھ ڈے کے موقع پر پاکستان کے سپر سٹار آل راونڈر شاہد آفریدی نے شاہین شاہ آفریدی کو جنم دن کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
شاہد آفریدی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا اللہ آپ کو ہمیشہ خوش رکھے اور مزید کامیابیاں عطا کرے تا کہ آپ پاکستان کی خدمت کر سکیں ۔شاہد آفریدی نے شاہین شاہ کو 200ٹی ٹوئنٹی وکٹس لینے کی بھی مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی سپر سٹار شاہد آفریدی کے مستقبل کے داماد بھی ہیں کیونکہ ان کا رشتہ شاہد آفریدی کی بڑی بیٹی کیساتھ طے پاچکاہے جس کی تصدیق شاہد آفریدی خود بھی کر چکے ہیں۔
شاہین شاہ نے شاہد آفریدی کی مبارکباد پر ٹویٹ کیا اور کہا شکریہ لالہ ۔
فاسٹ بولر کو جنم دن کی مبارکباد افغانستان کے کھلاڑی راشد خان نے بھی دی ۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر سے ٹویٹ شیئر کی اور لکھا کہ جنم دن مبارک ہو کپتان آپ ہمیشہ اسی طرح جگمگاتے ہیں ۔
شاہین شاہ آفریدی پاکستان سپر لیگ 7میں لاہور کلندر کے کپتان تھے اور راشد خان ان کی زیر کپتانی لاہور کلندر کے کھلاڑی تھے ۔پاکستانی سٹار کو ان کی ہونے والی ساس نے بھی سالگرہ کی مبارکباد دی ۔ شاہد آفریدی کی اہلیہ نے انہی کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا اور لکھا سالگرہ مبارک ہو شاہین شاہ آفریدی ۔
شاہین شاہ آفریدی کی سالگرہ، شاہد آفریدی نے پیغام جاری کردیا
