لاہور (نمائندہ خصوصی) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے حمزہ شہباز ، آئی جی پنجاب ، ایس ایس پی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت سیشن کورٹ میں ہوئی ، کمرہ عدالت میں ایس پی سول لائن کو کیس کی کاپی فراہم کر دی گئی ۔
سیشن کورٹ میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز ، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ، ایس ایس پی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔ عدالتی حکم پر ایس پی سول لائنز اور تھانہ قلعہ گجر سنگھ کے ایس ایچ او عدالت پیش ہوئے ۔ ایس پی سول لائنز نے عدالت میں کہا کہ پٹیشن کی کاپی اور عدالتی فیصلہ موصول نہیں ہوا ، جواب کیلئے موقع دیا جائے ۔
سیشن کورٹ نے پولیس کو جواب داخل کرانے کا ایک موقع دیدیا جبکہ پرویز الٰہی کے وکیل نے پٹیشن کی کاپی ایس پی سول لائنز کو فراہم کی ۔
درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس کو پنجاب اسمبلی میں جھگڑے کے ذمہ داران کے خلاف اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دی ہے ، پولیس نے جھگڑے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا۔
سیشن کورٹ نے پولیس سے 29 اپریل کو جواب طلب کرلیا۔
پرویز الٰہی کی حمزہ شہباز و دیگر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت ، ایس پی سول لائنز کو پٹیشن کی کاپی فراہم کر دی گئی
