ٹانک (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم شہباز شریف سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ آج ٹانک کے علاقے پائی پہنچے اور نقصانات ، امداد و بحالی کے کاموں پر بریفنگ لی، وزیر اعظم نے جاں بحق افراد کے ورثاء کیلئے امدادی رقم بڑھانے کا بھی اعلان کیا۔
نجی ٹی وی “دنیا نیوز” کے مطابق وزیر اعظم نے سیلاب سے متاثرہ ٹانک کے علاقے پائی کا دورہ کیا جہاں انہیں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کاموں سے آگاہ کیا گیا، وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے امدادی رقم بڑھا کر 10لاکھ روپے کرنے کا اعلان کیا ساتھ ہی امدادی و بحالی کی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے 24 گھنٹے کام جاری رکھا جائے، وزیر اعظم نے خیبرپختونخوا انتظامیہ کی جانب سے ریلیف کے کاموں میں خصوصی دلچسپی دینے پر تعریف بھی کی اور کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت اور وزیراعلیٰ سیلاب متاثرین کے لیے اچھا کام کر رہے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت شعبہ صحت میں بھی اچھا کام کر رہی ہے، انسان تو چلے جاتے ہیں مگر انہیں ان کے کام سے یاد رکا جاتا ہے ۔
وزیر اعظم کو بریفنگ کے دوران ڈیرہ سماعیل خان میں بارشوں ، سیلاب سے گھروں اور فصلوں کے نقصان سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی ۔