اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر اعطم شہباز شریف کا کہناہے کہ نوح بٹ اور ارشد ندیم سمیت دیگر کھلاڑیوں نے تمغے جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ، کھلاڑیوں کی وطن واپسی پر ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کروں گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ “نوح بٹ اور ارشد ندیم نے سونے، شریف طاہر، زمان انور اور انعام بٹ نے چاندی، شاہ حسین، علی اسد اور عنایت اللہ نے کامن ویلتھ کھیلوں میں کانسی کے تمغے جیت کر مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا اور اقوام عالم میں پاکستان کی عزت میں اضافہ کیا ہے. آپ پوری قوم کا فخر ہیں”
شہباز شریف کا ایک اور ٹویٹ میں کہنا تھا کہ “میں ان تمام ایتھلیٹس سے وطن واپسی پر ملاقات کرکے ان کی حوصلہ افزائی کرونگا. اسکے علاوہ کامن ویلتھ کھیلوں میں شریک دیگر پاکستانی ایتھلیٹس بھی قابلِ تعریف ہیں جو محنت اور لگن سے پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں. جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہیں، حوصلہ مت ہاریں، محنت جاری رکھیں”.
تمغے جیت کر کھلاڑیوں نے قوم کا سرفخر سے بلند کیا، ملاقات کر کے حوصلہ افزائی کروں گا، شہباز شریف
