کراچی(نمائندہ خصوصی) نواسہ رسول ﷺحضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اوران کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لیے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ مختلف شہروں میں موبائل سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھرکی طرح کراچی سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہو گئے ہیں اور اپنی روایتی راستوں پر چلتے ہوئے شام کو اختتام پذیر ہو جائیں گے۔ لاہور میں یوم عاشور پر ذوالجناح کا مرکزی جلوس گذشتہ شب نثار حویلی سے برآمد ہوا، امام عالی مقام امام حسین اور ان کے رفقا کی عظیم قربانی کی یاد کو تازہ کرنے کیلئے عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن اور سعید غنی نے پولیس ہیڈ آفس کراچی میں سندھ پولیس کے قائم کردہ مانیٹرنگ سیل کا جائزہ لے چکے ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے یوم عاشورہ سے ایک روز قبل جلوس کے مختلف راستوں کا دورہ کیا۔کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ سینٹرل کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے روٹ کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ پولیس اور رینجرز کے 7 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
پشاور میں یوم عاشورکا مرکزی ماتمی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا منزل کی جانب رواں دواں ہے، شہر میں موبائل سروس جزوی طور پر معطل ہے۔ یوم عاشور کے موقع پر پشاور میں 12 جلوس برآمد ہونگے۔ ماتمی جلوسوں کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ جلوس کی گزرگاہوں کو بی ڈی یوکی مدد سے کلئیرکیا گیا جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوس کی نگرانی بھی جاری ہے۔
کوہاٹی گیٹ کے علاقے میں سپریم کمانڈ پوسٹ قائم ہے ، اندرون شہر دیگر6 مختلف مقامات پر بھی سب کمانڈ پوسٹس قائم ہیں۔پولیس نے تمام اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ بازتعینات کر دیئے ہیں جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا،مختلف علاقوں میں موبائل سروس عارضی طور پرمعطل کی گئی ہے۔
کوئٹہ میں یوم عاشور کا جلوس امام بارگاہ سید آباد علمدارروڈ سے برآمد ہوا ،جلوس کی صدارت بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر جواد رفیعی نے کی۔ ظہر کے وقت باچا خان چوک پر علمائے کرام واقعہ کربلا میں پیش ا?نے والے واقعات پر روشنی ڈالیں گے جس کے بعد باجماعت نماز ظہرین ادا کی جائیگی۔ 23 دستوں پر مشتمل یوم عاشور کا جلوس رات 8 بجے ا طوغی روڈ ،لیاقت بازار اور پرنس روڈ سے ہوتا ہوا واپس علمدار روڈ پر اختتام پذیر ہوگا، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے رضا کار سکیورٹی فورسز کے ہمراہ حفاظتی فرائض انجام دے رہے ہیں۔