لندن (ویب ڈیسک) کامن ویلتھ گیمز میں جویلین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کو بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے مبارکباد پیش کی ہے۔نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کو 90 میٹر کراس کرنے اور نئے ریکارڈ بنانے پر بھی مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق ارشد ندیم نے انسٹاگرام پر اپنی نیزے کو 90 میٹر سے زائد دوری پر پھینک کر نیا ریکارڈ بنانے کی ویڈیو شیئر کی جس پر نیرج چوپڑا نے بھی رپلائی کیا اور ارشد ندیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ کو سونے کا تمغہ جیتنےاور 90 میٹر کی حد عبور کرتے ہوئے نیا ریکارڈ بنانے پر بہت بہت مبارک ہو، میں آئندہ آنے والے مقابلوں کیلئے بھی آپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘
اس سے قبل ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتنے کے بعد جیو نیوز سے گفتگو میں کہا تھا کہ نیرج چوپڑا بھائی اس بار ایونٹ میں شریک نہیں ہو سکے کیونکہ وہ انجری کا شکار ہیں، میں ان کے لیے اگلے مقابلے میں نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
ارشد ندیم نے کہا تھا کہ ‘اللہ انہیں صحت دے، وہ ایونٹ میں ہوتے تو اور بھی زیادہ مزہ آتا، ان کی کمی محسوس ہوئی’۔خیال رہے کہ نیرج چوپڑا انجری کے باعث کامن ویلتھ گیمز میں شرکت نہیں کرسکے۔
کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نے جویلین تھرو میں گولڈ میڈل جیتا، انہوں نے پانچویں باری میں 90.18 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی، وہ 90 میٹر سے لمبی تھرو کرنے والے پہلے جنوبی ایشیائی ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔