لاہور ،اسلام آباد ، کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں آج 75 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے،مزار قائد پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھال لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کی مناسبت سے سرکاری عمارات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ شہروں، گلیوں محلوں میں قومی پرچم اور جھنڈیاں لگائی گئیں ہیں ،رات بارہ بجتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں نوجوان قومی پرچم ہاتھوں میں تھامے سڑکوں پر نکل آئے جبکہ لاہور میں لبرٹی چوک، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم سمیت دیگر مقامات کے علاوہ کراچی، پشاور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے آسمان مختلف رنگوں میں رنگ گیا۔
یوم آزادی کی صبح مزار اقبال پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی ، پاک آرمی کے جوانوں نے گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ۔