• Thu. Apr 18th, 2024

ایک بات ذہن میں رکھیں کہ ہم نواز شریف کو جیل نہیں جانے دیں گے ، جاوید لطیف

Aug 15, 2022

لاہور (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی پر ایسا استقبال کیا جائے گاکہ لوگ دیکھیں گے ، ایک بات ذہن میں رکھیں کہ ہم نواز شریف کو جیل نہیں جانے دیں گے ۔
لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف کا کہنا تھاکہ کچھ لوگ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کی دیواریں پھلانگ کر اندر گئے ، شیشے توڑے گئے جس پر کہا جا رہاہے کہ یہ ان لوگوں کے جذبات تھے جبکہ اس بات کو ہماری بار عدلیہ پر حملہ قرار دیدیا گیا ، جناب تب بھی لوگوں کے جذبات ہی تھے مگر ہم پر ایف آئی آرز کٹی تھیں ۔
جاوید لطیف نے کہا کہ ہم نے حقیقی آزادی 1947 میں حاصل کرلی تھی ، آزادی کے مقاصد عمران خان جیسے کرداروں کی وجہ سے پور نہیں ہوئے ، سازشوں کے مہرے عمران خان جیسے کردار ہیں ، پاکستان کے حالات اب بہتر ہونا شروع ہو گئے ہیں ، آج بھی کچھ لوگ عمران خان کی ڈوریاں ہلا رہے ہیں ، ہمیں سب معلوم ہے ۔
رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پاکستان بنانے والوں کو غدار قرار دیا گیا ، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کو غدار کہا گیا ، قائد ملت لیاقت علی خان کو گولی لگی مگر آج تک کچھ معلوم نہیں ہوا ، بتایا جائے کہ غیر ملکی کمپنیوں نے عمران خان کو فنڈنگ کیوں کی ، غیر ملکی فنڈنگ کے پس پردہ کیا مقاصد تھے ، عمران خان نے پاکستان کی معیشت کو ڈبو یا، عمران خان اکیلا مجرم نہیں ، ظاقب نثار مرکزی ملزم ہے ، مسلم لیگ (ن ) نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیا ، ہم اداروں کا احترام کرنے والوں میں سے ہیں مگر ایک شخص کو صادق و امین کا سرٹیفکیٹ دیا گیا جبکہ ملک کو اندھروں سے نکالنے والے کو ہائی جیکر قرار دیدیا گیا۔

رہنما مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ عمران خان کے کردار کے حوالے سے غیر ملکی عدالت کا فیصلہ آچکا ہے ، شہباز گل جو کچھ باتیں شہداء سے متعلق کہتا رہا ، اس پر ایف آئی آر ہو ئی اور صرف دو دن کا ریمانڈ ہوا ، اگر میں کہوں کہ آپ کسی لیڈر کو دھمکی نہیں دے سکتے تو مجھے غداری کے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا ، میں جیل کی صعوبتوں سے شرمندہ نہیں ہوں ، آزادی کا مقصد پور اکرنے کیلئے مجھے ہزار بار جیل جانا پڑا تو سمجھوں گا کہ میری زندگی کا مقصد پورا ہوگیا۔

جاوید لطیف نے مزید کہا کہ ملک میں آج جو کچھ ہو رہاہے سب سامنے ہے ، نواز شریف کو نکال کر اس کو لانے والے سب کچھ سامنے آنے کے باوجود بھی کچھ نہیں سیکھے ، کچھ لوگ آج بھی اس کی ڈوریاں ہلا رہے ہیں ، ہمیں سب معلوم ہے ۔