کراچی (نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گویترس دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئے ، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے پاکستان کیلئے عالمی برادری سے بڑی مدد کی اپیل کی ۔
نجی ٹی وی “جیو نیوز” کے مطابق دورہ پاکستان پر آئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کر کے واپس روانہ ہو گئے ، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے اور متاثرین سے ملاقات پر ان کا شکریہ ادا کیا، وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آپ کی سیلاب متاثرین کیلئے عالمی برادری سے اپیل قابل ستائش ہے ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انتونیو گوتریس کو سندھ کے روایتی تحائف سندھی اجر اور سندھی ٹوپی بھی دی ۔
اس سے قبل سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے ہمراہ سندھ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا ، انتونیو گوترس سیلاب متاثرین کے کیمپوں میں بھی گئے اور ان سے ملاقات کی ، انہوں نے سیلاب سے تباہ کاریوں کا ذمہ دار جی 20 ممالک کو قرار دیا اور کہا کہ 80 فیصد کاربن کا اخراج یہی ممالک کرتے ہیں ۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی امداد کا سوال نہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ انصاف کا سوال ہے ، عالمی حدت میں پاکستان کا حصہ صرف ایک فیصد ہے مگر خمیازہ یہ بھگت رہے ہیں ۔
انتونیو گوترس کا کہنا تھا کہ میں نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں پر جو تباہی دیکھی وہ الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی ، ترقی یافتہ ممالک پاکستنا کو تباہی سے نکالنے کیلئے مدد کریں۔