• Fri. Apr 19th, 2024

لیاقت علی خان کی 68 ویں برسی کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کی مزار پر حاضری

Oct 17, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کی 68 ویں برسی کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں مزار پر رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید ملت لیاقت علی خان کا آج 68 واں یوم شہادت ہے جس وژن کو لے کر لیاقت علی خان، قائد اعظم سمیت دیگر لوگ چلے تھے ہم اسے آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے لیکن پاکستان میں اقلیتی براداری کو مساوی حقوق حاصل ہیں کیونکہ قائد اعظم کا وژن تھا کہ تمام مذاہب اور قوم کو ساتھ لے کر چلیں گے، سب کے ساتھ یکساں سلوک ہو گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بھارت کے برعکس پاکستان میں اقلیتی برادری کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان پوری دنیا میں امن قائم کرنے کے لئے مختلف ممالک کے تنازعات کو حل کرنے میں پیش پیش ہیں، خصوصی طور پر ایران اور سعودیہ عرب کے تعلقات کو بہتر بنانے میں کردار ادا کررہے ہیں جبکہ خطے میں امن کے لئے افغان امن میں بھی ان کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ایسا نڈر اور دیانتدار شخص پاکستان کا وزیر اعظم ہے جس نے یو این جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو اقوام عالم کے سامنے رکھا۔ K-IV منصوبے کے بارے میں کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ شہر میں پانی کی قلت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے کے فور کا بننا انتہائی نا گزیر ہے جن لوگوں نے کے فور منصوبے میں گڑبڑ یا چوری کی ہے وہ بچ نہیں سکتے، کے فور منصوبہ ضرور پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ ایک اورسوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے جب بھی کوئی قدرتی آفات آئے سیلاب آئے، طوفان آئے تو ہم صرف فورسز کی طرف دیکھتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان مسائل سے نمٹنے کے لئے حکومتی ادارہ کو اس ضمن میں فعال کردار ادا کرنا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کتے مارنے کے لئے سندھ حکومت کے ماتحت ادارے کو اپنا کام مزید بہتر طریقے سے کرنا ہو گا کیونکہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے لئے ہر سال اربوں روپے کا بجٹ مختص کیا جاتا ہے۔