• Thu. Jul 3rd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

مینگروز کے جنگلات کی غیر قانونی فروخت پر وزیر جنگلات و بلدیات کا چھاپہ، گودام سیل، متعلقین کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

Oct 20, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) وزیر جنگلات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ مینگروز کے جنگلات آبی حیات کی افزائش کے لیے ہیچیری کا کام انجام دینے کے ساتھ سمندری طوفان کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں لہٰذہ ان جنگلات کو نقصان پہچانے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ شہر کے جنگلات کو کاٹنے والوں اور ان لکڑیوں کو فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ یہ ہدایت انہوں نے کراچی کے ضلع جنوبی میں مینگروز کی جنگلات کی لکڑیوں کی فروخت کی اطلاع پر متعلقہ گودام میں چھاپے کے موقع پر محکمہ جنگلات کے افسران کو دیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ اور جنگلات کے افسران بھی موجود تھے۔ وزیر جنگلات و بلدیات نے شہر کے جنگلات کی غیرقانونی کٹائی اور ان لکڑیوں کی فروخت پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کے جنگلات کی غیرقانونی کٹائی اور فروخت کو روکنے کے سخت اقدامات کئے جائیں اور اس کا روبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ مینگروز کے جنگلات کی کٹائی کرکے ان زمینوں پر قبضہ کرنے والے قبضہ مافیا کے خلاف بھی سخت اقدامات کئے جائیں اور غیر قانونی قابضین سے جنگلات کی زمین واگزار کروا کر وہاں پر دوبارہ مینگروز کے جنگلات قائم کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ناصرف مینگروز کے جنگلات بلکہ موسمیاتی تغیرات کے باعث درجہ حرارت میں اضافہ اور فضائی آلودگی کو کم کرنے کے سلسلے میں کراچی میں اربن فاریسٹری پالیسی کے تحت جنگلات میں اضافہ کیا جارہا ہے اور شہر میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔ شہری جنگلات کے سلسلے میں کام کرنے والی این جی اوز کی بھی حکومت حوصلہ افزائی کررہی ہے اور اس سلسلے میں مشترکہ اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔ شجرکاری کے حوالے سے کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو کام کرنا ہوگا اور اس مہم کو اپنانا ہوگا۔