کے آصف
سپورٹس اینکر اسلام آباد
روہت شرما نے ڈان بریڈمین کو پیچھے چھوڑ دیا
جنوبی افریقا کےخلاف ٹیسٹ سیریز بھارتی بیٹسمین روہت شرما کےلئے یادگار بن گئی۔۔ جارح مزاج بیٹسمین روہت شرما سیریز میں کئی ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں اور رانچی میں جاری تیسرے ٹیسٹ کےدوسرے دن انہوں نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔۔ روہت شرما نے ٹیسٹ کرکٹ میں ہوم گراؤنڈ پر بیٹنگ اوسط میں آسٹریلیا کے لیجنڈری بیٹسمین ڈان بریڈمین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ روہت شرما نے رانچی ٹیسٹ کےدوسرے روز ڈبل سینچری مکمل کی اور دوسوبارہ رنز کی شاندار اننگز کھیل کرآؤٹ ہوئے۔ اس اننگز کےساتھ روہت شرما کی ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ کرکٹ میں اوسط 99.84 ہوگئی جبکہ ڈان بریڈمین کی ہوم گراؤنڈ پر بیٹنگ اوسط 98.22 تھی۔
روہت شرما نے میچ کےپہلے دن ایک سیریز میں سب سےزیادہ چھکےلگانے کا ریکارڈ بھی بنایا تھا۔ روہت شرما نے دوسرے روز مزید دو چھکے اور لگائے اور اس سیریز میں انکے چھکوں کی تعداد انیس ہوگئی ہے۔ روہت شرما نے میچ ڈبل سینچری اسکور کرکے ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں فارمیٹ میں ڈبل سینچری بنانےوالے دنیا کےچوتھے بیٹسمین بھی بن گئے۔ سچن ٹنڈولکر ، وریندرسہواگ اور کرس گیل بھی ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں میں ڈبل سینچری بناچکے ہیں۔ روہت شرما اس سیریز میں پانچ سو سے زائد رنزبناچکے ہیں اور ایک سیریز میں پانچ سو سےزائد رنزبنانے والے روہت شرما بھارت کے پانچویں اوپنر ہیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم نے بھی سیریز میں ایک ورلڈریکارڈ قائم کیا۔ بھارت نے ٹیسٹ سیریز میں سب سےزیادہ چھکے لگانے کا اپنا ہی ریکارڈ مزید بہتر کرلیا۔ ٹیسٹ سیریز میں بھارتی بیٹسمین اب تک مجموعی طور پر سینتالیس چھکے لگاچکے ہیں۔ جو ایک ورلڈریکارڈ ہے۔ اس سے قبل بھارت نے دوہزار تیرہ چودہ سیزن میں آسٹریلیا کےخلاف پانچ میچز کی ٹیسٹ سیریز میں چالیس چھکے لگائے تھے۔ بھارت نے جنوبی افریقا کےخلاف رانچی ٹیسٹ کےدوسرے روز پہلی اننگز نو وکٹوں پر چارسوستانوے رنزبناکر ڈکلیئر کی۔ روہت شرما کےعلاوہ اجنکیا رہانے بھی نمایاں رہے جنہوں نے ایک سوپندرہ رنز کی اننگز کھیلی۔ جواب میں دن کےاختتام تک جنوبی افریقا نے نو رنز پر دو وکٹیں گنوادیں