اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے جے یو آئی ایف کے رہنما حافظ حمد اللہ کی شہریت منسوخی کے فیصلے کو معطل کر دیاہے اور نادرا سے 14 روز میں جواب طلب کر لیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے سینیٹر حافظ حمد اللہ کی شہریت منسوخی سے متعلق کیس کی سماعت کی جس دوران جے یو آئی ایف کے رہنما نے موقف اختیار کیا کہ نادرا نے ان کا موقف سنے بغیر اقدام کیا جس پر عدالت نے حافظ حمد اللہ کی شہریت منسوخی کا نوٹیفیکیشن معطل کرتے ہوئے نادرا سے جواب طلب کر لیاہے ، عدالت نے نادرا اور وزارت داخلہ کو حافظ حمد اللہ کیخلاف تاحکم ثانی کسی بھی اقدام سے روک دیاہے ۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیا حاحظ حمد اللہ کے بچے بھی ہیں ، کیا ان کے بچوں کے پاس بھی شناختی کارڈ ہے ؟ حافظ حمد اللہ کے وکیل نے بتایا کہ جی انے بچے ہیں اور ان کا بیٹا فوج میں ہے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ماردر وطن پر بیٹے قربان کرنے کا جذبہ رکھنے والے پر شک نہیں کر سکتے ۔عدالت نے سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی ہے ۔