• Thu. Apr 25th, 2024

پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 151 رنز کا ہدف دیدیا

Nov 5, 2019

کینبرا (نمائندہ خصوصی) آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے افتخار احمد کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت آسٹریلیا کو جیت کیلئے 151 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ کپتان بابراعظم نے 50 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ افتخار احمد نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 62 رنز بنائے۔

تفصیلات کے مطابق کینبرا میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو 22 کے انفرادی سکور پر فخر زمان صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد 29 کے مجموعی سکور پر حارث سہیل بھی 6 رنز بنا کر چلتے بنے۔

محمد رضوان نے کریز پر آ کر کچھ دیر مزاحمت کا کی تاہم 62 کے مجموعی سکور پر وہ بھی آﺅٹ ہو گئے۔ پاور ہٹر کے طورپر ٹیم میں شامل کئے جانے والے آصف علی کی ’پاور‘ بھی کم پڑ گئی اور 70 کے مجموعی سکور پر وہ صرف 4 رنز بنا کر چھکا مارنے کی کوشش میں آﺅٹ ہو گئے۔ کپتان بابراعظم اس میچ میں بھی مردبحران ثابت ہوئے اور 38 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ آل راﺅنڈر افتخار احمد نے جارحانہ بلے بازی کے ذریعے ٹیم کی ابدتر صورتحال کو یکسر بدل دیا اور 33 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ عماد وسیم نے 11 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایشٹن اگر سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 23 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کین رچرڈسن اور پیٹ کومنز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر بابراعظم کا کہنا تھا کہ اچھا سکور کرنے کی کوشش کریں گے جبکہ آسٹریلین کپتان ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے فیلڈنگ ہی کرتے۔

میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، حارث سہیل، محمد رضوان، آصف علی، افتخار احمد، عماد وسیم، وہاب ریاض، شاداب خان، محمد عامر اور محمد عرفان شامل ہیں۔

آسٹریلین ٹیم کی قیادت ایرون فنچ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر، سٹیو سمتھ، بین میکڈرموٹ، ایشٹن ٹرنر، ایلکس کیری، ایشٹن اگر، پیٹ کومنز، مچل سٹارک، کین رچرڈسن اور ایڈم زامپا شامل ہیں۔