کینبرا (نمائندہ خصوصی) پاکستان ٹی 20 ٹیم کے کپتان اور ٹی 20 رینکنگ میں نمبر ون بلے باز بابراعظم کی بیٹنگ میں شاندار فارم جاری ہے جنہوں نے آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹی 20 میچ میں بھی 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور اس کیساتھ ہی وہ عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بابراعظم 2019ءمیں ٹی 20 کرکٹ میں 1,551 رنز بنا چکے ہیں اور انہیں ایک کیلنڈر ائیر میں سب سے زیادہ رنزبنانے کےلئے مزید 115 رنز درکار ہیں جبکہ ان کے پاس رواں سال مزید دو میچز ہیں جو آسٹریلیا کیخلاف ہی کھیلنے ہیں۔ اگر وہ ان دو میچوں میں 115 رنزبنانے میں کامیاب ہوگئے تو ایک کیلنڈر ائیر میں سب سے زیادہ رنزبنانے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔
یاد رہے کہ ایک کیلنڈر ائیر میں سب سے زیادہ رنزبنانے کا عالمی ریکارڈ کرس گیل کا ہے جنہوں نے 2015ءسیزن میں 1,665 رنزبنائے تھے۔ دوسرے نمبر پر ویرات کوہلی ہیں جنہوں نے 2016ءمیں 1,614 رنزبنائے تھے۔ بابراعظم کو ٹی 20 کرکٹ میں تیزترین ہزار رنزبنانے کا عالمی ریکارڈ بھی قائم کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔