کراچی(غلام مصطف عزیز)جہانگیر میموریل فٹ بال اکیڈمی نارتھ ناظم آباد کی جانب سے کراچی انٹر اکیڈمی انڈر 15 فٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ افتتاحی میچ ہزارہ یونائیٹڈ اور جہانگیر میموریل فٹ بال اکیڈمی کے مابین کھیلا گیا۔ میچ کا اختتام برابری کی بنیاد پر رہا دونوں ٹیمیں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایک گول کرنے میں کامیاب رہیں۔ جہانگیر میموریل فٹ بال اکیڈمی کے چیئرمین محمد جنید کی دعوت پر ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر بدر جمیل نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر نیشنل بینک اسپورٹس کے سربراہ و سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم، ڈائریکٹر اسپورٹس ایاز منشی، اسپورٹس کو آرڈی نیئر ایم نسیم، نیشنل بینک کے علیم خان، ترجمان ادارہ ترقیات کراچی اکرم ستار بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر بدر جمیل نے افتتاحی تقریب سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی کے ڈی اے اسپورٹس لائبریری کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس سے نوجوان نسل کو کھیل سے متعلق سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اسپورٹس کو فروغ دینے اور میدانوں کو آباد کرنے کیلئے کے ڈی اے گرائونڈ بحال کئے جارہے ہیں، حال ہی میں کے ڈی اے گرائونڈز سے تجاوزات ہٹاکر اصل شکل میں لائے گئے ہیں۔ ادارہ ترقیات کراچی نوجوان نسل کو کھیلوں کی طرف متوجہ کرنے کیلئے شہر بھر میں گرائونڈز آباد کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعدد گرائونڈز آباد کئے جاچکے ہیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر کھیلوں کی سرگرمیاں جاری ہیں، کھلاڑیوں کو جدید طرز پر مشتمل تربیت فراہم کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے، جلد ہی جدید مشینری و ضروری آلات کے ذریعے کھلاڑیوں کو ٹیکنیکل و بنیادی سہولیات میسر آئیں گی۔ اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹ اقبال قاسم نے شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے ڈاکٹر بدر جمیل کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے آنے سے شہر بھر میں کھیل کے میدان آباد ہورہے ہیںجو کہ خوش آئند ہے۔ آخر میں ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں سووینئر پیش کیا جبکہ ڈی جی کے ڈی اے ڈاکٹر بدر جمیل کو جہانگیر میموریل فٹ بال اکیڈمی کی جانب سے سووینئر اور سندھ کی ثقافت اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا۔جہانگیر میموریل فٹ بال اکیڈمی کے چیئرمین محمد جنید نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔