لاہور (ویب ڈیسک) صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکارہ مہوش حیات نے پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کو اپنا ہیرو قرار دے دیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ مہوش حیات نے کہا کہ وہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گی، اس حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نہایت پیچیدہ اور مشکل کردار ہے۔دوران انٹرویو مہوش حیات نے کہا کہ ’بے نظیر بھٹو میرے لیے ہیرو ہیں اور مجھے اُن سے محبت ہے۔‘روزنامہ جنگ کے مطابقاداکارہ نے کہا کہ اس فلم کی کہانی انتہائی متاثر کن ہے جو کہ ہماری موجودہ نسل اور آئندہ نسل کے لیے بے حدضروری ہے۔ اس فلم کے ذریعے وہ ان کی خدمات، جدوجہد کو دیکھیں گے اور ان کی زندگی کے بارے میں جان سکیں گے۔مہوش حیات نےاپنے انٹرویو میں کہا کہ بے نظیر بھٹو پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم بنیں تھیں جو کہ کتنی بڑی بات ہے، اس کے لیے ان کی جو محنت ہے، جو جدوجہد ہے اور اُن کے ساتھ زندگی میں کیا کیا ہوا یہ سب دنیا کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔اُن کا کہنا ہے کہ کتابوں میں تو بہت کچھ لکھ دیا جاتا ہے لیکن فلم ایسی شخصیات کو جاننے کا آسان ذریعہ ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ وہ بے نظیر بھٹو کے کردار کو بہتر انداز میں نبھائیں گی جس کے لیے وہ چند کتابوں کا مطالعہ کر رہی ہیں۔ اس حوالے سے مہوش کا کہنا ہے کہ ’میں جتنا بے نظیرکے بارے میں پڑھ رہی ہوں اتنا ہی اُن سے متاثر ہو رہی ہوں، فخر بھی ہوتا ہے اور دکھ بھی کہ ہم نے ایک لیڈر کو کھو دیا۔‘