• Fri. Jul 4th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

امریکی قونصل خانہ کی جانب سے کراچی اور ٹنڈو آدم کے طلبا کیلئے انگریزی زبان سکھانے کے پروگرام کا افتتاح

Nov 7, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز )کراچی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں امریکی قونصل خانہ کراچی کی جانب سے 125 طلبا و طالبات کو دو سالہ ” انگلش ایکسس مائکرواسکالرشپ پروگرام” میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا گیا۔ یہ پروگرام امریکی قونصل خانے کی جانب سے چلنے والے 8 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا حصہ ہے جس کے تحت سندھ اور بلوچستان کے نوجوانوں کو خودمختیار بنانے کیلئے ان میں قیادت کرنے کی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان کی مہارتوں میں بھی اضافہ کیا جاتا ہے۔ سال 2006 سے لیکر امریکی قونصل خانہ کراچی، سندھ میں کوٹری، حیدرآباد، جامشورو، سکھر، جیکب آباد اور بلوچستان میں گوادر اور پشین میں انگریزی زبان کی ترویج کے پروگراموں کے تحت معاشی اعتبار سے پسماندہ طلبا و طالبات کی معاونت کررہا ہے۔ اس کے نتیجے میں سندھ اور بلوچستان سے 10 ہزار سے زائد طلبا و طالبات اس پروگرام سے استفادہ حاصل کرچکے ہیں اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔
طلبا سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کلچرل اتاشے کیمرون تھامس شاھ نے کہا کہ “مشاہدات و تجربات یہ بتاتے ہیں کہ انگریزی زبان پر عبور آنے کے ساتھ ہی طلبا میں خوداعتمادی اور قیادت کرنے کی صلاحیتیں بھی ابھر کر سامنے آجاتی ہیں۔ امریکی حکومت کی جانب سے انگریزی زبان کیلئے شروع کیے گئے پروگراموں کے ہزاروں المنائی پاکستان کو خوشحال، مضبوط اور محفوظ بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ مزید نوجوان اس کام میں ساتھ دینے کیلئے آگے آئیں گے۔”
انگلش ایکسس مائکرواسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبا و طالبات مالی اعتبار سے پسماندہ گھرانوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوان ہیں جن کیلئے انگریزی زبان میں مہارت ہونا ان کیلئے بہتر مستقبل کے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ہوتا ہے۔ اس پروگرام کے شرکا کو کاروباری رابطہ کاری کرنے کی مہارتیں یعنی Business Communication Skills سکھائی جاتی ہیں تاکہ ان کیلئے بہتر تعلیم اور اچھی نوکری حاصل کرنے کے مواقع پیدا ہوسکیں اور وہ اپنے خاندان کی اچھی طرح دیکھ بھال کرسکیں۔ اس پروگرام سے مستفیض ہونے والوں میں آج کے اساتذہ، پولیس افسران، صحت کے شعبے میں کام کرنے والے اور وکلا شامل ہیں جوکہ نہ صرف سندھ اور بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کو بہتر بنانے کیلئے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔