• Fri. Apr 26th, 2024

پاکستان سمیت دنیا بھر میں جشن میلادالنبیﷺ انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

Nov 10, 2019

لاہور (خصوصی رپورٹر) ملک بھر میں آج جشن عیدمیلادالنبی ﷺ آج انتہائی عقیدت و احترام کےساتھ منایا جارہا ہے ،ملک بھر میں محافل میلاد،جلوس ، کانفر نسز او ر دیگر تقریبات کاہتمام کیا گیا ہے،اس موقع پر سکیورٹی سمیت کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ،

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں نبی آخرالزماں کا جشن ظہورآج بروز اتوار بمطابق 12ربیع الاول مذہبی عقیدت و احترام کےساتھ منایا جارہا ہے ۔آج صبح پاکستان میں عید میلادالنبیؐ کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا،توپوں کی سلامی کے بعدملکی سلامتی کےلئے دعائیں بھی کی گئیں،پاک فوج کے جوانوں کے اللہ اکبراورپاکستان زندہ بادکے نعرے لگائے،اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل منعقد کی جائیں گی ، سیمینارز اور کانفرنسز منعقد ہوں گی جس میں نبی کریم کی سیرت اور اسلام کی سر بلند ی کیلئے کی جانےوا لی عظیم کوششوں کو موضوع بنایا جائے گا۔

جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلہ میں ملک بھر کے گلی ،محلوں او ر بازاروں کو خوبصورت روشنیوں ،برقی قمقموں اورسبز جھنڈیوں سے سجا یا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلو س اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے شرکا سارے راستے درود پاک کا ورد کریں گے ۔جشن عید میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا گیا ۔

کوئٹہ میں عیدمیلادالنبی کا مرکزی جلوس وفاروڈاسماعیل مسجد سے نکالا جائے گا،شہر میں چھوٹے بڑے 13 جلوس نکالے جائیں گے جو میزان چوک پہنچیں گے ،عیدمیلادالنبی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ،ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی میں عیدمیلادالنبی کا مرکزی جلوس دوپہربعدنماز ظہر نکلے گا، پہلا جلوس دعوت اسلامی کی طرف سے ڈھائی بجے شہید مسجد کھارادرسے نکلے گا، دوسراجلوس مولانا اکبر درس کی زیرقیادت میمن مسجد کھارادرسے نکلے گا،تیسراجلوس اہلسنت و الجماعت شاہ عبدالحق قادری کی زیرقیادت نکلے گا،مرکزی جلوس کی سکیورٹی کیلئے 4706 اہلکار و افسرتعینات ہوں گے،جلوس کی گزرگاہوں کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا

منتظمین نے شرکاءسے اپیل کی ہے کہ جلوس کے تقدس کا خیال رکھا جائے۔ عوام الناس کھانے پینے کی اشیاءکہیں نہ پھینکیں۔ عورتوں کو جلوس میں شرکت سے روکا جائے۔ تمام شرکاءجلوس میں باوضو شرکت کریں اور درود شریف کی کثرت کریں ، ادھر پاکستان الیکٹرک پاورکمپنی نے عید میلاد النبی ﷺکے موقع پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہان کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ جس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ 9نومبر کی شام سے 10نومبر تک ہرگز لوڈ شیڈنگ نہ کی جا ئے ۔سربراہان کو کسی بھی جگہ پر بجلی کی بندش کی صورت میں فوری بحالی کیلئے ٹیمیں مقرر کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔